شارلٹ : (ویب ڈیسک) برازیل کے کلب فلومی نینسے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیفا کلب ورلڈ کپ میں انٹر میلان کو 0-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔
شمالی کیرولائنا کے شہر شارلٹ میں شدید گرمی کے دوران کھیلے گئے اس میچ کا آغاز فلومی نینسے کے لیے خوابناک ثابت ہوا، جب جرمن کینو نے محض تیسرے منٹ میں ایک ڈیفلیکٹڈ کراس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔
میچ کے 30ویں منٹ میں برازیلی ٹیم نے اسکور ڈبل کرنے کا ایک اور سنہری موقع گنوا دیا، جب زومر نے جون آریاس کی شاٹ روکنے میں ناکامی کے بعد سیموئیل زاویئر کا ری باؤنڈ شاٹ معمولی فرق سے باہر چلا گیا۔
39ویں منٹ میں اگناسیو نے دوسرا گول کیا لیکن آف سائیڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے گول مسترد کر دیا گیا، دوسرے ہاف میں انٹر میلان کے پاس گیند کا زیادہ تر قبضہ رہا، لیکن خطرناک حملے فلومی نینسے کی جانب سے جاری رہے۔
میچ کے اکیانوے ویں منٹ میں انٹر میلان کی دفاعی لائن ایک بار پھر ناکام ہوئی، جب ہرکولیس نے تھرو اِن کے بعد گیند کو کنٹرول کر کے پینالٹی ایریا کے کنارے سے ایک پُرسکون اور نچلے کارنر کی جانب شاٹ لگا کر فلومی نینسے کو فیصلہ کن برتری دلا دی، گول کے بعد فلومی نینسے کے شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔
اس کامیابی کے ساتھ پہلی بار وسعت دی گئی کلب ورلڈ کپ فارمیٹ میں فلومی نینسے دوسری برازیلی ٹیم بن گئی ہے جو کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے، اس سے قبل پالمیراس بھی آخری آٹھ میں جگہ بنا چکی ہے۔
فلومی نینسے اب الہلال کلب کے خلاف کوارٹر فائنل کھیلے گی۔