فیفا کلب ورلڈ کپ میں اپ سیٹ: الہلال کلب نے مانچسٹر سٹی کو ہرا دیا

Published On 01 July,2025 11:11 am

اورلانڈو: (ویب ڈیسک) فٹبال کی دنیا میں ایک غیرمعمولی واقعہ ہوا ہے ، سعودی عرب کے معروف کلب الہلال نے یورپی چیمپیئن مانچسٹر سٹی کو 4-3 کی سنسنی خیز شکست دے کر کلب ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

میچ کا آغاز مانچسٹر سٹی کے دباؤ سے ہوا، جس کے نتیجے میں 9ویں منٹ میں برنارڈو سلوا نے ریان آیت نوری کی مدد سے پہلا گول کیا تاہم ہلال نے دوسرے ہاف کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور 46ویں منٹ میں مارکوس لیونارڈو نے شاندار ہیڈر سے اسکور برابر کر دیا، صرف 6 منٹ بعد مالکوم نے مڈفیلڈ سے انفرادی کوشش کرتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا اور الہلال کو برتری دلائی۔

مانچسٹر سٹی نے جلد واپسی کی اور ارلنگ ہالینڈ نے دفاعی کمزوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مقابلہ ایک بار پھر برابر کر دیا، اس کے بعد میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں داخل ہو گیا، جہاں کولیبالی نے فری کک پر ہیڈر کے ذریعے تیسرا گول کیا۔

مانچسٹر سٹی نے 104ویں منٹ میں فِل فودن کے گول کے ذریعے ایک بار پھر مقابلہ برابر کر دیا، مگر 112ویں منٹ میں مارکوس لیونارڈو نے ری باؤنڈ پر گول کرتے ہوئے الہلال کو ایک بار پھر سبقت دلائی، جو آخر تک برقرار رہی۔

یہ فتح نہ صرف الہلال کلب کے لیے بلکہ پوری عرب فٹبال دنیا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، جہاں ایک سعودی کلب نے دنیا کے بہترین یورپی کلب کو عالمی سٹیج پر شکست دی۔