خواتین یورو 2025: گومز کا آخری لمحات میں گول، پرتگال اور اٹلی کا میچ برابر

Published On 08 July,2025 11:26 am

جنیوا: (ویب ڈیسک) یورپی خواتین فٹبال چیمپئن شپ کے گروپ بی میں پرتگال کی ڈائنا گومز نے 89 ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اٹلی کے خلاف اپنی ٹیم کو شکست سے بچا لیا اور ایونٹ میں ان کی مہم کو زندہ رکھا، دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔

کریستیانا گیرےلی نے 70ویں منٹ میں شاندار انداز میں گول کر کے اٹلی کو برتری دلائی، انہوں نے باکس کے کنارے پر گیند کو دائیں پیر پر شفٹ کیا اور ایک دلکش کرلنگ شاٹ گول کے اوپری دائیں کونے میں بھیج دیا جسے پرتگالی گول کیپر پیٹریسیا مورائس روکنے میں ناکام رہیں، 35 سالہ گیرےلی گول کے بعد جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آنکھیں نم ہو گئیں۔

تاہم کھیل کے آخری لمحوں میں پرتگال نے کونے سے ملنے والے موقع کو گول میں تبدیل کر دیا، گیند پہلے بار سے ٹکرائی پھر ٹیم نے اسے دوبارہ باکس میں داخل کیا جہاں ڈائنا گومز نے زبردست شاٹ کے ذریعے گیند کو جال میں ڈال دیا، پرتگالی شائقین جو سارا میچ ڈھول اور نعروں سے ماحول گرمائے ہوئے تھے خوشی سے جھوم اٹھے۔

پرتگال کے کوچ فرانسسکو نیٹو نے کہا ہے کہ ہم نے دلیرانہ کھیل پیش کیا، ہم نے مخالف ٹیم پر دباؤ ڈالا، اونچا کھیلا اور ایک یورپی چیمپئن شپ ٹیم کی طرح کارکردگی دکھائی، ہماری ٹیم میں شخصیت بھی ہے اور جذبہ بھی۔

اس نتیجے نے اٹلی کی ناک آؤٹ مرحلے میں فوری رسائی کو روک دیا، سپین واحد ٹیم ہے جو اب تک گروپ بی سے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے، جنہوں نے اسی روز بیلجیئم کو 2-6 سے شکست دی، بیلجیئم اب ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہے۔

گروپ مرحلے کے آخری میچ میں اٹلی کا سامنا عالمی چیمپئن سپین سے ہو گا جبکہ پرتگال بیلجیئم سے ٹکرائے گا۔

پرتگال کی ٹیم اپنے افتتاحی میچ میں سپین کے ہاتھوں 5-0 کی شکست کے بعد اس میچ میں دفاعی لحاظ سے کہیں زیادہ مضبوط نظر آئی اور بارش سے بھیگے Stade de Geneve میں اٹلی کے تابڑ توڑ حملے برداشت کرتی رہی۔