قومی ہاکی کھلاڑیوں کے واجبات کی ادائیگی کا معاملہ حل نہ ہوسکا

Published On 14 July,2025 06:01 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی ہاکی کھلاڑیوں کے واجبات کی ادائیگی کا معاملہ تاحال حل نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق نیشنز ہاکی کپ 2025 اور تین ٹریننگ کیمپس کی ڈیلی الاؤنسز ابھی تک ادا نہیں کیے گئے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ہر کھلاڑی کو تقریباً 5 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنا ہے۔

کئی کھلاڑیوں کو 2023 اور 2024 کے درمیان ہونے والے 4 سے 5 ٹورز کی ڈیلیز بھی ابھی تک ادا نہیں ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو بعض ٹورز اور کیمپس کا خرچ اپنی جیب سے برداشت کرنا پڑا، ایشین گیمز، فائیو سائیڈ ورلڈ کپ اور ایشین چیمپئنز ٹرافی کی ادائیگیاں بھی باقی ہیں۔

کئی کھلاڑیوں کو تمام واجبات ملا کر 25 لاکھ روپے تک کی ادائیگیاں کرنی ہیں، بعض ادائیگیاں سابق فیڈریشن کے دور کی ہیں، جو تاحال کلیئر نہیں کی گئیں۔

ذرائع کے مطابق موجودہ فیڈریشن کو نیشنز ہاکی کپ اور تین کیمپس کی رقم ادا کرنی ہے، معاوضے نہ ملنے پر کھلاڑی ذہنی دباؤ اور مالی پریشانی کا شکار ہیں۔

واجبات کی ادائیگی کے سوال پر کھلاڑیوں کو فیڈریشن کی جانب سے کوئی واضح جواب نہیں دیا جا رہا۔