ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس: جوناتھن میلان نے 17 واں مرحلہ جیت لیا

Published On 25 July,2025 02:24 am

پیرس: (ویب ڈیسک) اٹلی کے سائیکل سوار جوناتھن میلان نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا 17واں مرحلہ جیت لیا۔

فرانس کے شمالی حصے سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 112 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 23ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے 17ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں بولین سے ویلنس تک کا فاصلہ طے کرنا تھا جو سیدھے رستے پر 160.4 کلو میٹر پر محیط تھا۔

24سالہ اٹلی کے سائیکل سوار جوناتھن میلان نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 160.4 کلومیٹر کا فاصلہ 3 گھنٹے 25منٹ اور 30 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

بیلجیئم کے سائیکل سوار جورڈی میس نے 17ویں راؤنڈ میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ 22سالہ ڈنمارک سائیکل سوار ٹوبیاس اینڈریسن نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ریس کا 12 واں مرحلہ جیتنے کے ساتھ ہی سلووینیاکے سائیکل سواراور ایونٹ کے دفاعی چیمپئن تڈیج پوگاآر نے تیسری مرتبہ یلوجرسی حاصل کرلی ہے جس پر تاحال ان کا قبضہ برقرار ہے۔

ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہوگی جس میں سائیکل سوار 3338.8کلو میٹر کا سفر طے کریں گے۔