جنگ بندی کیلئے اسرائیل اور حماس کے مذاکرات بے نتیجہ ختم

Published On 25 July,2025 03:32 am

دوحہ: (دنیا نیوز) جنگ بندی کیلئے اسرائیل اور حماس کے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے، امریکا کا اپنی ٹیم کو واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا۔

نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹامی پگٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کا اعتراف کر لیا، انہوں نے کہا کہ دوحہ میں مذاکرات کے دوران حماس کا رویہ شرمناک رہا۔

ٹامی پگٹ کا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے مکین حماس کی بربریت کا نشانہ بن رہے ہیں، غزہ میں متاثرین تک امداد پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے قطر اور امریکا کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے نئے مجوزہ معاہدے پر ثالثوں کو مثبت جواب دیا تھا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل نے غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی کو حتمی شکل دینے کے لیے شرائط سے اتفاق کرلیا ہے۔

گزشتہ دنوں نیوجرسی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے پاس اس ہفتے کے دوران حماس کے ساتھ معاہدہ کرنے کا اچھا موقع ہے، کچھ یرغمالی باہر آسکتے ہیں، نیتن یاہو اور ایران کے ساتھ مستقل ڈیل پر کام کرنے پر بات چیت کروں گا۔