پریمیئر لیگ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد لیورپول کی آرسنل کو شکست

Published On 01 September,2025 01:01 pm

لیورپول: (دنیا نیوز) پریمیئر لیگ کے دوران سنسنی خیز مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئنز لیورپول نے آرسنل کو شکست دیدی۔

میچ کے ابتدائی لمحات میں ہی آرسنل کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے اہم کھلاڑی ولیم سلیبا زخمی ہو گئے، ان کی جگہ نوجوان سپینش ڈیفینڈر کرسٹین موسکیرا کو شامل کیا گیا تاہم نونی میڈوکے کی تیز رفتاری اور حملے لیورپول کے دفاع کے لیے چیلنج ثابت ہوئے۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے سخت محنت کی لیکن کوئی بھی ٹیم گیند کو جال میں نہ پہنچا سکی تاہم لیورپول کے پاس بہترین موقع اس وقت آیا جب ورجل وین ڈائک نے آرسنل کے گول کیپر ڈیوڈ رایا کی غلطی پر گیند حاصل کی مگر الیکسس میک ایلسٹر کا شاٹ دفاع نے روک لیا۔

دوسرے ہاف میں کھیل مزید دلچسپ ہوگیا اور دونوں ٹیمیں فیصلہ کن گول کرنے کی کوشش کرتی رہیں تاہم 80 ویں منٹ کے قریب سوبوسلائی کے شاندار فری کک گول نے لیورپول کو برتری دلادی۔

آرسنل نے نئے کھلاڑی ایبریچی ایزے اور میکس ڈاؤمن کو میدان میں اتار کر واپسی کی کوشش کی مگر کامیابی نہ ملی اور یوں لیو رپول نے میچ 0-1 سے اپنے نام کر لیا۔