سنوکر کے کھیل کو عروج پر پہنچانے والے علی اصغر ولیکا انتقال کرگئے

Published On 10 October,2025 09:36 pm

کراچی :(دنیا نیوز) پاکستان میں سنوکر کے کھیل کو فروغ دینے والے علی اصغر ولیکا انتقال کرگئے۔

پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن (PBSA) کے سابق صدر علی اصغر ولیکا طویل علالت کے بعد جمعہ کو کراچی میں انتقال کر گئے، مرحوم کی تدفین ہفتے کی صبح میوہ شاہ قبرستان میں ہوگی، ان کی عمر 78 سال تھی۔

پاکستان میں سنوکر کو پروان چڑھانے کیلئے کئی مسائل درپیش آئے، اصغر ولیکا نے مذاکرات کی ٹیبل سے سنوکر کی ٹیبل تک کے تمام مسائل خوش اسلوبی اور کامیابی سے حل کیے۔

1988ء سے دو دہائیوں تک پی بی ایس اے کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، ان کی بہترین خدمات پر انہیں بین انٹرنیشنل بلیئرڈز اینڈ سنوکر فیڈریشن (آئی بی ایس ایف) کے سینئر نائب صدر اور ایشین کنفیڈریشن آف بلیئرڈز سپورٹس (اے سی بی ایس) کے صدر سمیت کئی اہم ذمہ داریاں کی گئیں۔

خیال رہے ان کی سربراہی میں محمد یوسف نے پاکستان کیلئے پہلی بار آئی بی ایس ایف ورلڈ سنوکر کا ٹائٹل جیتا، 1994ء میں محمد یوسف نے جوہانسبرگ میں ورلڈ ٹائٹل جیتا تو اصغر ولیکا پاکستان بلئیرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر تھے۔

واضح رہے مرحوم پاکستان میں ایشین اور ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی پاکستان لے کر آئے بلکہ ان ایونٹس کا انعقاد کرکے دنیا میں پاکستان کا مثبت پیغام دیا۔