اسلام آباد:(دنیا نیوز) بحرین کے شاہی خاندان کے معزز رکن، ایشین فٹ بال کنفیڈریشن (اے ایف سی) کے صدر اور فٹبال کی عالمی تنظیم (فیفا) کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیفا نائب صدر کی پاکستان آمد پر وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے سنیئر حکام نے ایئرپورٹ پر مہمان کا پرتپاک استقبال کیا، پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) صدر محسن گیلانی اور ایشین فٹ بال کنفیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سونم جگمی اور دیگر عہدیداران نے بھی معزز مہمان کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کا سرکاری دورہ 3 روز تک جاری رہے گا، وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کی ہدایت پر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کو دورے کے دوران ’سٹیٹ گیسٹ‘ کا درجہ دیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا گیا کہ دورے کے دوران فیفا نائب صدر اعلیٰ سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، جب کہ ان ملاقاتوں میں فٹ بال کے شعبے میں انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مواقع میں فروغ و توسیع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ اِن ملاقاتوں کے دوران پاکستان میں سپورٹس ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر تعاون کے امکانات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔



