دورے کے دوران شدید درد ہوتا ہے ، ایسے لگتا ہے سر پھٹا جا رہا ہے، کسی قسم کی درد دور کرنے کی دوا بالکل اثر نہیں کرتی
لاہور (دنیا نیوز) آدھے سر کا درد پورے سر کے درد کے مقابلہ میں بہت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ اس لیے اس کا علاج بھی مشکل ہوتا ہے۔ آدھے سر کے درد کے علاج کے لیے مختلف دوائیوں کا استعمال کیا جاتا ہے ۔ تاہم آدھے سر کے درد کی دوائیں صرف اس وقت استعمال کی جائیں جب اس کی صحیح تشخیص ہو جائے ۔
دورے کے دوران شدید درد ہوتا ہے۔ ایسے لگتا ہے سر پھٹا جا رہا ہے۔ کسی قسم کی درد دور کرنے کی دوا بالکل اثر نہیں کرتی اور رو رو کر آنکھیں سوج کر کُپّا ہو جاتی ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ پہلے تسلی کر لی جائے کہ واقعی درد آدھے سر کا ہے پھر ڈاکٹر کے مشورہ سے درد کا دورہ شروع ہونے سے پہلے دوا لینے سے افاقہ ہو جاتا ہے۔ دوائیوں کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ دورہ کے دوران مریض کو پوری تسلی دی جائے اور ایسے تمام عوامل سے بچا جائے جو سر درد بڑھانے کا سبب بنتے ہوں۔
اگر اچانک کسی سر میں درد شروع ہو جائے تو مریض کا سر کسی کپڑے سے اچھی طرح باندھ دیں۔ سر پہ زیتون کے تیل کی 10-5 منٹ کے لیے مالش کریں۔ زیتون کا تیل میسر نہ ہو تو تھوڑا سا سرسوں کا تیل ہلکا گرم کر کے مالش کریں۔
مریض کے پاؤں کی تیل اور ویسلین سے مالش کریں۔ چاکلیٹ، پنیر، کافی، کولا ڈرنکس سے مکمل پرہیز کریں۔ اپنی خوراک میں زیادہ پھل اور سبزیاں استعمال کریں۔
سر درد کے خاتمے کے لیے روزانہ صبح ناشتے میں سیب کے قتلے ہلکا نمک چھڑک کر کھائیں۔
گاجر، چقندر اور آڑو تینوں کا جوس نکال کر ایک مہینے تک ناشتے میں ایک سے دو گلاس روزانہ استعمال کریں۔
ایک لیموں، ایک چمچ ادرک کا جوس اور ایک چمچ شہد لے کر ایک گلاس نیم گرم پانی میں حل کر کے آدھے سر کے درد کے دورہ کے دوران ٹھہر ٹھہر کر پئیں ۔