جاپانی کمپنی ہونڈا نے نیویارک میں آٹو شو کے موقع پر اپنی نئی گاڑی ہائی برڈ انسائیٹ کومتعارف کرایا۔ ہونڈا نے اس گاڑی کی پیداوار کچھ سال پہلے روک دی تھی، مگر اب اسے ٹویوٹا کی مقبول ہائی برڈ گاڑی کو شکست دینے کے لیے نئی شکل میں پیش کیا گیا ہے۔
کمپنی کے دعویٰ کے مطابق یہ گاڑی شہر میں 55 میل فی گیلن کا ایوریج دے گی اور روایتی ایندھن کے علاوہ اس میں موجود 60 سیل لیتھم اون بیٹری اسے بجلی پر چلنے میں مدد دے گی۔ اس میں موجود 2 موٹر پر مشتمل ہائیبرڈ سسٹم کے ساتھ 1.5 لیٹر فور سلینڈر انجن دیا گیا ہے۔
گاڑی میں مکمل خودمختار سسپنشن، ویری ایبل ریشو ڈوئل پینون الیکٹرک پاور اسٹیئرنگ، مکینکل بریکنگ اور دیگر نمایاں فیچرز ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ گاڑی پاور کے لحاظ سے سوک سے کسی صورت کم ثابت نہیں ہوگی۔ تاہم اس گاڑی کی قیمت کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے کوئی تفصیلات مہیا نہیں کی گئیں۔