آنکھوں کا میک اپ

Last Updated On 13 April,2018 10:25 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) اپنی آنکھوں کو خوبصورت بنانا کوئی آسان کام نہیں ہے، اپنی آنکھوں کو خوبصورت بنانے کا راز یہ ہے کہ آپ کو یہ پتہ ہونا چاہیے کہ آپ کی آنکھیں کس انداز میں اچھی لگیں گی اور پھر وہی کرنا جو آپ کی آنکھوں کے لیے بہتر ہو۔

اپنی آنکھوں کی خوبصورتی کے لیے بہتر میک اپ کا انتخاب کرنا دراصل سب بڑا کمال ہے مثلاً اگر آپ آئی لائنر کے لیے شاپنگ کرنے نکلی ہیں اور آپ نے روزانہ اس کا استعمال کرنا ہے تو لیکوئیڈ آئی لائنر آپ کا بڑا انتخاب ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ یہ بہت پھیل جاتا ہے اور آپ کی آنکھوں کو بھی بدنما بنا سکتا ہے اور آپ کی ساری محنت آنکھوں کے میک اپ پر ضائع ہو سکتی ہے۔ 

آنکھوں کے لیے کوئی بھی پروڈکٹ خریدتے وقت اس بات کو یقینی بنالیں کہ اس کی نہ صرف کوالٹی بہتر ہے بلکہ یہ آپ کی آنکھوں کے لیے بہتر بھی دکھائی دے رہی ہے۔ اگر آپ اپنی آنکھوں کو بڑا دیکھنا چاہتی ہیں تو آپ کو چاہیے کہ آپ آئی لائنر کا استعمال روک دیں اور مسکارا اور آئی شیڈو استعمال کریں۔ جب بھی آنکھوں پر میک اپ کریں تو بہتر یہ ہے کہ پہلے آنکھوں کو اچھی طرح دھو لیں اس سے آنکھوں کا تمام گرد و غبار بھی صاف ہو جائے گا اور گذشتہ کیے گئے میک اپ کے تمام اثرات بھی ختم ہو جائیں گے۔

اگر آپ سیدھا آئی لیشز استعمال کرتی ہیں تو بہتر ہے کہ اسے تھوڑا سا خم دے دیں اور اگر اس میں پہلے ہی سے خم موجود ہو تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ آئی لیشز پر مسکارا کا استعمال کر کے آپ انہیں خوبصورت بنا سکتے ہیں۔ مسکارا استعمال کرنے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ آئی لیشز کو بیس سے شروع کیا جائے اور پھر بعد میں دیگر کام کیا جائے۔ اس بات کو یقینی بنالیں کہ یہ کام بہت تجربہ کار ہاتھوں سے کرنا ہے۔ اس کے لیے آپ تھوڑی سی پریکٹس بھی کر سکتی ہیں۔ بہر حال چند روز اس کے استعمال کرنے سے آپ کو پریکٹس ہوجائے گی۔

اپنی آنکھوں کی توجہ کے لیے آئی شیڈو بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ آئی شیڈو کے حوالے سے یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ آپ ہلکے رنگوں کا انتخاب کریں۔ مگر انہیں اپنی جلد کے رنگوں سے نہ ملائیں۔ کسی اچھے اور ہلکے کلر کا انتخاب آپ کے لیے بہتر ثابت ہوگا۔ اگر اس سلسلہ میں آپ کسی پریشانی میں مبتلا ہوں تو آپ اپنی بیوٹیشن سے بھی صحیح بات پتہ کر سکتی ہیں یا پھر تجربہ کرکے دیکھیں کہ آپ پر کیا بہتر دکھائی دیتا ہے۔ ایک اہم بات یاد رکھنے کی یہ ہے کہ آپ اپنی آنکھوں کی اچھی طرح حفاظت اور دیکھ بھال کر بھی رہی ہیں اس کے باوجود وہ آپ کی مرضی کے مطابق خوبصورت اور پر کشش دکھائی دے نہیں رہی ہیں تو اپنی آئی بروز پر ضرور نظر مار لیں۔ ممکن ہے انہیں بھی بہتر بنانے کی ضرورت ہو اور انہیں بہتر بنائے بغیر آپ کی ساری محنت بیکار بھی ہو سکتی ہے۔

تحریر: فریدہ احسن