لاہور: (روزنامہ دنیا) نومولود بے حد بےکس اور مجبور دکھائی دیتا ہے اور اس کی بہت سی حرکات بے مقصد معلوم ہوتی ہیں لیکن فوراً ہی وہ ماں کے بطن سے باہر کی دنیا سے مطابقت پیدا کر کے زندگی پر اپنی گرفت مضبوط کر لیتا ہے۔ بہت جلد اس کی حرکات و افعال میں شعور اور سلیقہ آ جاتا ہے۔ اور تھوڑے ہی دنوں میں بلکہ گھنٹوں کے اندر اندر وہ یکتا شخصی خصوصیات کا اظہار کرنے لگتا ہے۔ ایک یا دو سال کے اندر وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ مستحکم باہمی رشتہ قائم کر لیتا ہے۔ وہ شیر خوارگی کے زمانے ہی میں اپنے اندر جذبات کا سیلاب امڈتا ہوا محسوس کرتا ہے اور جوں جوں وقت گزرتا ہے اس کی دنیا میں وسعت پیدا ہونے لگتی ہے۔
زندگی بھر ایک بچے کو اسی طرح اپنے بدلتے ہوئے ماحول اور بڑھتے ہوئے جسمانی تقاضوں کے ساتھ مطابقت پیدا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، لیکن مطابقت کے لحاظ سے سب سے اہم وقت پیدائش کا ہے جبکہ بچہ کسی دوسرے انسان (ماں) کے جسم سے غذا حاصل کرنے کے بعد ایک خود کفیل فرد کی حیثیت اختیار کرتا ہے۔ اپنے ماحول سے مطابقت قائم کرنے کے دوران نومولود کا وزن عام طور پر کم ہو جاتا ہے۔ اس کے افعال اور شکل سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا سے ہم آہنگی حاصل کرنے میں اسے کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن یہ حالت ایک ہفتے سے زیادہ نہیں رہتی۔ ایک ہفتے کے بعد وزن پھر بڑھنا شروع ہوجاتا ہے۔
کوئی سے دو بچے ایک ہی وقت اور بالکل ایک ہی عمر میں ماحول سے مطابقت پیدا نہیں کرتے۔ نومولود کی نشوونما کی رفتار اور سمت کا انحصار اس کی پیدائش سے پہلے اور بعد کی فضا پر ہے۔ اگرچہ وہ اپنی تمام فطری خصوصیات اپنے والدین سے حاصل کرتا ہے تاہم بحیثیت ایک انسان کے وہ ان دونوں سے مختلف ہوتا ہے۔ ماحول سے مطابقت اور نشوونما ایک ہی عمل کے دو رخ ہیں۔ ان کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ایک دوسرے کے بغیر ان کی حقیقت کو سمجھا جا سکتا ہے۔
بچے کی ذہنی اور جسمانی نشوونما ایک دوسرے پر اثر انداز ہوتی رہتی ہیں۔ بچے کو ایک خاص قسم کا بالغ انسان بنانے میں اس کے پیدائشی میلانات اور تجربات دونوں برابر کا حصہ لیتے ہیں۔ ہم بچے کے گہوارے کو تو دیکھ سکتے ہیں لیکن احساسات اور خیالات کے اس غیر مرئی ماحول کو نہیں دیکھ سکتے جس میں گہوارے میں لیٹا ہوا بچہ سانس لے رہا ہے۔ ہمیں نومولود کے خاندان کے افراد کی وہ خواہشات، توقعات اور رویے نظر نہیں آتے جن کا اس کی زندگی سے گہرا تعلق ہے۔ اگر حالات اور جذبات کا مجموعہ بچے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں کامیاب ہو جائے تو دنیا اسے ایک اطمینا ن بخش مقام معلوم ہوگی۔ ایسا مقام جہاں اس کی ماں اسے دنیا میں لانے پر فخر کرے اور اس کی حفاظت میں خوشی محسوس ہو۔ اس کا باپ اس کی طرف ایسی کشش محسوس کرے جو اس نے باپ بننے سے پہلے محسوس نہ کی ہو۔ جہاں بڑے بھائی بہن اسے خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہوں۔
ایسا بھی ہو سکتا ہے کہ کسی وجہ سے یہ ماحول بڑا دوستانہ ہو۔ شاید نومولود کو قبول کرنے کے لیے بھائی بہت تیار نہ ہوں یا گھر کے لوگوں کے باہمی تعلقات خراب ہوں۔ ایسی فضا میں پیدا ہونے کے بعد بچہ غیر مہمان نوازانہ جذبات کو جلد ہی خود اپنی زندگی میں محسوس کرنے لگتا ہے۔ لیکن بچے کی شخصیت کی تعمیر کا انحصار محض ماحول کے رحم و کرم پر نہیں ہوتا۔ ابتدا ہی سے بچہ صرف ماحول کی تخلیق نہیں ہوتا بلکہ خود اپنا ماحول پیدا کرنے میں معاون ہوتا ہے۔ اس کی کمزوری میں بھی طاقت ہوتی ہے۔ اس کی بے کسی دوسروں کو اس کی طرف رجوع کراتی ہے۔ اپنے چہرے اور طور طریقوں سے وہ زبردستی دوسروں کی توجہ حاصل کرتا ہے، ان پر اثر ڈالتا ہے اور غیر شعوری طور پر ان کے رویے بدل دیتا ہے۔
ایک عورت جو فخریہ یہ کہتی ہے کہ مجھے بچے پالنا ناپسند ہیں، ماں بننے کے بعد بچے کے پیچھے دن رات ایک کر دیتی ہے۔ لیکن سیلاب کا یہ رخ بدل بھی سکتا ہے۔ بعض والدین بچے کی پیدائش سے پہلے اپنے دماغ میں اس کی صورت اور سیرت کا ایک شاندار تصور قائم کر لیتے ہیں۔ لیکن بچے کی پیدائش پر اس کی اصل صورت دیکھ کر انہیں بڑی مایوسی ہوتی ہے۔ بعض والدین بڑے خشک مزاج اور بے تعلق قسم کے ہوتے ہیں۔ جس گھر میں ایسا ہو ظاہر ہے کہ وہاں کی فضا بچے کی صحیح نشوونما کے لیے سازگار نہیں۔
تحریر: صفیہ جمیل