تائیوان: (ویب ڈیسک) سانپ کا زہر انسانی جان بچانے کے کام بھی آسکتا ہے، جدید طبی تحقیق میں تازہ انکشاف، ایک خوفناک سانپ کے زہر میں خون کو پتلا رکھنے اور اس کے لوتھڑے بننے سے بچانے کی صلاحیت دیکھی گئی ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف تائیوان میں شعبہ فارماکولوجی کے ماہر ڈاکٹر ٹور فو ہوانگ اور ان کے ساتھیوں نے جنوبی ایشیا کے سانپوں کےزہر میں ایک پروٹین کا پتا چلایا ہے اور اس پروٹین میں تھوڑی تبدیلی کرکے ماہرین نے دل کے امراض کے علاج کے لیے ایک دوا بنائی ہے۔ ویگلر پٹ وائپر نامی سانپ کے زہر سے بننے والی دوا اب تک چوہوں پر کامیاب ثابت ہوئی ہے۔ توقع ہے کہ اگر اسے انسانوں پر آزمایا گیا تو یہ اب تک خون پتلا کرنے والی تمام دواؤں کے مقابلے میں ذیادہ مؤثر ثابت ہوسکے گی۔
نیویارک سٹی میں لینوکس ہِل ہاسپٹل کے ڈاکٹر ستجیت بھیسری کا کہنا ہے کہ طبی تاریخ میں سانپوں کے زہر سے خون پتلا کرنے کے کی شواہد موجود ہیں جب کہ اب بھی خون پتلا کرنے والی کئی مروجہ دواؤں میں ان ہی پروٹین کو استعمال کیا گیا ہے جو سانپوں کے زہر پر ابتدائی تجربات کا حصہ تھے۔