لندن: (ویب ڈیسک) جو لوگ زیادہ میٹھا کھانے کے عادی ہیں وہ ہوشیار ہو جائیں، صحت کے ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ زیادہ میٹھا کھانے والوں کی دماغی صحت متاثر ہوتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے صحت مند افراد جو لمبے عرصے تک روزانہ 67 گرام یا اس سے زیادہ مقدار میں شکر استعمال کرتے ہیں انہیں روزانہ 40 گرام یا اس سے کم شکر کھانے والوں کے مقابلے میں ڈپریشن اور بے چینی کا خطرہ 23 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ مطالعے میں یہ بھی دیکھا گیا کہ زیادہ شکر اور مزاجی مسائل میں تعلق ہر طبقے کے مردوں میں یکساں ہوتا ہے یعنی اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ زیادہ شکر استعمال کرنے والا کوئی مرد امیر ہے یا غریب، اور زیادہ تعلیم یافتہ ہے یا کم پڑھا لکھا۔
علاوہ ازیں یہ بھی پتا چلا ہے کہ چاہے خالص حالت میں زیادہ شکر کھائی جائے یا پھر میٹھے کھانوں میں شامل کرکے، دونوں صورتوں میں زیادہ شکر کھانے کے موڈ پر منفی اثرات یکساں ہی رہتے ہیں۔ ماضی میں بھی اس حوالے سے مختلف تحقیقات کی جاچکی ہیں جن میں شکر کے زائد استعمال اور دماغ پر منفی اثرات کے مابین تعلق سامنے آچکا ہے۔