لاہور: (دنیا نیوز) صحت کے شعبے میں عوام کے ساتھ بڑا دھوکہ، برسوں سے ہر گھر میں عام استعمال ہونے والے آگمینٹن ڈی ایس اور اموکسل سیرپ غیرمعیاری نکلے، ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے رپورٹ جاری کر دی۔
محکمہ صحت کی ناک کے عین نیچے غیرمعیاری اینٹی بائیوٹک سیرپ سالہا سال سے بکتے رہے، آگمینٹن ڈی ایس اور ایموکسل سیرپ کو رجسٹرڈ ادویات کی فہرست میں شامل ہیں لیکن ایک بار رجسٹرڈ ہونے کے بعد دوبارہ سیرپ کی کوالٹی چیک کرنے کی زحمت نہ کی گئی۔ حال ہی میں سرکاری اسپتالوں میں استعمال ہونیوالے سیرپ اور مختلف ادویات کے نمونے سرکاری میڈیکل ڈپو سندر اسٹیٹ سے حاصل کئے گئے اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری لاہور میں بھجوائے گئے جنہیں چیک کرنے پر انکشاف ہوا کہ بچوں کو پلائے جانیوالے دونوں سیرپ غیرمعیاری ہیں۔
رپورٹ ملنے کے بعد پراونشل ڈرگ کنٹرول ونگ نے دونوں اینٹی بائیوٹک سیرپ پر الرٹ جاری کر دیا ہے، اور محکمہ صحت کو بھی مارکیٹ میں بکنے والے نمونے لے کر ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔