لال تربوز کی شناخت کے آسان طریقے

Last Updated On 05 April,2018 07:44 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) گرمی کی آمد آمد ہے اور تربوز کا موسم شروع ہونے والا ہے، ایسے میں لال تربوز کی شناخت کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔

گرمیوں کے موسم میں تربوز ایک اکانومی اور آسانی سے میسر آنے والا پھل ہے۔ تربوزکا باقاعدہ استعمال گرمی کے موسم میں جسم کو تندرست رکھنے اور چہرے کو شاداب بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ ان سب سے بڑھ کر اس کا ذائقہ اسی وقت اچھا لگتا ہے جب تربوز میٹھا اور پکا ہوا ہو۔ بہت سے لوگ تربوز خریدتے وقت اس کے ٹکڑے کو دیکھ کر اس کے میٹھے ہونے کا اندازہ لگاتے ہیں۔ آپ کی اس مشکل کو حل کرنے کے لیے لال اور میٹھے تربوز کی شناخت کے آسان طریقے بتائے جارہے ہیں۔

تربوز خریدتے وقت خیال رہے کہ اس کی گولائی یکساں ہو اور اس پر کوئی خاص نشان، کٹ کا نشان اور کہیں سے بھنچا ہوا نہ ہو۔

نشانات اور غیرہموار سطح کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ تربوز کو اچھی طرح سورج کی روشنی نہیں ملی ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ مکمل پکا ہوا نہیں۔ تربوز خریدتے وقت تسلی کر لیں کہ اسکا وزن اس کی جسامت سے زیادہ ہو، کیونکہ جو تربوز بھاری ہوگا وہی میٹھا اور تیار ہوگا۔

خیال رہے کہ تربوز زمین پر بیل کے ساتھ اگتے ہیں اور وہیں پکتے ہیں۔ اس لیے جو حصہ زمین کو چھوتا ہے وہ ہلکا یا بہت گہرا پیلا ہوتا ہے۔ اسی لیے یہ دھبہ جتنا گہرا ہوگا پھل اتنا ہی میٹھا ہوگا۔

تربوز کی رنگت گہرے لیکن کم چمکیلی یعنی بھدی ہونی چاہیے یہ میٹھے تربوز کی ایک اور نشانی ہے۔
 

Advertisement