مشی گن: (ویب ڈیسک) امریکی سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی نئی دوا ’Bromo domain Inhibitor‘ انتہائی کامیاب ثابت ہوئی ہے نئی دوا ایسے جین کو نشانہ بناتی ہے جو جسم میں کینسر کو پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔
مشی گن یونیورسٹی کے سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے پھیپھڑوں اور پستان کے کینسر میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے دواؤں کی خصوصی قسم Bromodomain Inhibitor کو کامیابی سے استعمال کیا ہے یہ کینسر کے مرض میں استعمال ہونے والی ایک نئی دوا ہے جو کینسر کا سبب بننے والے جین پر حملہ آور ہوتی ہے اور کینسر کے پھیلنے کے عمل کو روک دیتی ہے۔
تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ پھیپھڑوں اور پستان کے کینسر کا باعث بننے والے جین کے خلاف ایک دوا نہایت کارگر ثابت ہوئی ہے جس سے پھیپھڑوں، پستان اور موٹاپے کے باعث ہونے والے کینسر کی مختلف اقسام کے علاج میں مدد مل سکے گی۔
تحقیق میں شامل ایک سائنسدان نے کہا کہ 50 فیصد سے زائد مریضوں میں پائے جانے والے جین c-Myc پر یہ دوا I-BET-762 اثر انداز ہوئی اور اس جین کو کینسر زدہ ہونے سے محفوظ رکھا۔ c-Myc جسم میں کینسر کو پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔