لاہور: (دنیا نیوز) لیڈی ہیلتھ ورکرز نے حکومتِ پنجاب کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے بعد گزشتہ کئی روز سے مال روڈ پر جاری اپنا دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز نے لاہور کی معروف شاہراہ مال روڈ پر گزشتہ 5 روز سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے ان کے مطالبات کی منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔
خیال رہے لاہور ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ کو مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کا دھرنا ختم کروا کر عمل درآمد رپورٹ 2 اپریل کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے یہ حکم ایک درخواست کے جواب میں دیا تھا۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 3 رکنی فل بنچ نے درخواست پر سماعت کی۔ درخواستگزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کے احتجاج کو 5 روز گزر گئے جس سے شہریوں کے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔ عدالت پنجاب حکومت کو لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مطالبات منظور کرنے کا حکم دے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ مال روڈ پر دھرنے ختم کروانے سے متعلق حکومت نے اب تک قانون سازی کیوں نہیں کی، عدالت کے حکم کی روشنی میں دھرنا ختم کروایا جائے۔