تین چاند جن کی رویت کا انتظار مسلمان ہر سال کرتے ہیں

Last Updated On 17 May,2018 02:45 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر کے مسلمان اسلامی یعنی ہجری تقویم کے سلسلے میں ہر ماہ کے آغاز کا تعین کرنے کے لیے چاند دیکھنے کا اہتمام کرتے ہیں۔ تاہم سال میں تین مواقع ایسے ہیں جب اس رویت ہلال کا خاص طور پر انتظار کیا جاتا ہے۔

پہلا موقع شعبان کے اختتام پر یکم رمضان کا چاند، دوسرا موقع رمضان کے اختتام پر یکم شوال یعنی عید الفطر کا چاند اور تیسرا موقع ذوالقعدہ کے اختتام پر یکم ذوالحجہ کا چاند جس پر حج کے ایام اور عید الاضحی کے تعین کا دارومدار ہوتا ہے۔ یہ تین ماہ مسلمانوں کے لیے روزوں، عید اور حج کا تعین کرتے ہیں۔ اسی واسطے ہر ملک میں علماء کرام ان مواقع پر رویت ہلال پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔

سعودی عرب میں المجمعہ یونی ورسٹی کی رصد گاہ کے ڈائریکٹر عبداللہ الخضیری کے مطابق "رویت ہلال کی سنّت نبوی کا اہتمام کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جاتے ہیں۔ البتہ بعض حالات میں رویت ہلال ممکن نہیں۔ اگر ہلال خود غروب آفتاب سے قبل غروب ہو گیا یا پھر اگر ہلال آفتاب کے بعد ایک متعین وقت کے اندر غروب ہو گیا اور یا پھر اگر رویت ہلال اور سورج گرہن کا موقع ساتھ آ جائے تو ایسی صورت میں رویت ہلال ممکن نہیں"۔

الخضیری کے مطابق چاند کے مختلف ادوار میں ایک ماہانہ چکّر ہوتا ہے۔ یہ ماہانہ چکّر دو قسم کا ہوتا ہے۔ پہلی قسم کا چکر 27 روز اور گھنٹے کےکچھ حصّے پر مشتمل ہوتا ہے۔ دوسری قسم کا چکّر 29 روز 12 گھنٹے اور 44 منٹ کے قریب ہوتا ہے۔ یہ دوسرا چکر رویت ہلال انجام دینے والوں کے لیے اہمیت رکھتا ہے۔ چاند کی دو طرح کی حرکت ہوتی ہے۔ ایک روزانہ کی بنیاد پر ہوتی ہے اور دوسری ماہانہ بنیاد پر ہوتی ہے۔
پورے ماہ کے دوران چاند کی مختلف شکلیں ہوتی ہیں جو درج ذیل ہیں :

Waxing Crescent moon: یہ مہینے کے پہلے روز سے لے کر 7 ویں روز تک ہوتا ہے۔ اس دوران چاند کی شکل اُلٹےC جیسی ہوتی ہے۔

First Quarter Moon: یہ 8 ویں روز سے شروع ہو کر 9 ویں روز تک ہوتا ہے۔ اس دوران چاند کی شکل D جیسی ہوتی ہے۔

Waxing gibbous moon: یہ 10 ویں روز سے شروع ہو کر 12 ویں روز تک ہوتا ہے۔

Full Moon: یہ پورا چاند ہوتا ہے جو 13ویں سے 16 ویں روز تک رہتا ہے۔

Waning gibbous Moon: یہ مہینے کے 17 ویں اور 18 ویں روز ہوتا ہے۔ اس کی شکل گول ٹکیہ جیسی ہوتی ہے جو دائیں جانب سے ہلال کے انداز میں ناقص ہوتی ہے۔

Last Quarter Moon: یہ 21 ویں روز سے 24 ویں روز تک ہوتا ہے۔ اس کی شکل اُلٹے D جیسی ہوتی ہے۔

Waning Crescent Moon: اس کی ابتدا 25 ویں روز سے ہوتی اور یہ مہینے کے اختتام تک رہتا ہے۔ یہ مرحلہ رویت ہلال انجام دینے والوں کے لیے اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ اس واسطے غروب آفتاب سے تھوڑا پہلے مشرق کی سمت سے جائزہ لیا جانا چاہیے۔ اس کی شکل انگریزی کے حرف C جیسی ہوتی ہے۔