رمضان المبارک اور خود احتسابی

Last Updated On 18 May,2018 09:32 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) رمضان المبارک میں طرح طرح کی برکات نظر آتی ہیں۔ ہر روزہ دار کے اندر ایک ایمانی جوش و ولولہ نظر آتا ہے، مرد حضرات ہوں تو وہ اپنی ملازمت اور کاروبار کے معمولات کے بعد افطاری اور سحری کی تیاری کیلئے خریداری کرتے ہیں، مسجد میں جا کر عبادات میں وقت صرف کرتے ہیں، درس و تدریس کی محافل میں بھی بیٹھتے ہیں، پھر گھر میں بھی تلاوتِ کلامِ پاک کرتے ہیں۔

اسی طرح خواتین پر بھی گھرکے کام کاج کا بوجھ بڑھ جاتا ہے انہیں سحری و افطاری کے اہتمام کے ساتھ عبادات بھی کرنی ہوتی ہیں اور اگر وقت ملے تو ٹی وی پر دینی معلومات کے پروگرام بھی دیکھ لیتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عید کی تیاری بھی کرتی ہیں۔ بھوک و پیاس کی تکلیف برداشت کرتے ہوئے ان سب اضافی کاموں کو لوگ بخوشی سر انجام دیتے ہیں اور ہر شخص کے چہرے پر ایک رونق نظر آتی ہے اسے رمضان المبارک کی برکات نہیں تو اور کیا کہا جا سکتا ہے۔

ان سب کاموں کے ساتھ رمضان المبارک گزارتے ہوئے ہمیں چند کام اور بھی کرنے ہیں۔ بس ہمیں اپنے شب و روز میں سے روزانہ دس سے پندرہ منٹ نکالنے ہوں گے اور تنہائی میں بیٹھ کر اپنا احتساب کرنا ہو گا بے شک آپ اس کیلئے اپنے ساتھ ایک ڈائری بھی رکھ لیں۔ اپنے آپ سے چند سوالات پوچھیں اور لکھتے بھی جائیں۔ سب سے پہلے یہ سوال لکھیں کہ آپ کیسی زندگی گزار رہے ہیں یعنی اپنے وقت کو کن کاموں پر صرف کرتے ہیں؟ پھر جواب تحریر کریں اسی طرح یہ سوال کہ حقوق اللہ میں فرائض، واجبات اور سنتوں کی ادائیگی آپ کس حد تک کر رہے ہیں؟ کیا آپ دین کے دیگر احکامات کے مطابق اپنی زندگی گزار رہے ہیں؟ مثلاً روزگار میں حرام اور حلال کا خیال رکھتے ہیں؟ کہیں کوئی برا فعل آپ کی روزی کو حرام تو نہیں کر رہا؟ آ پ نے کسی کے مال و جائیداد پر ناجائز قبضہ تو نہیں کیا ہوا؟

حقوق العباد کے حوالے سے سوچیں کہ کہیں آپ اپنے کسی عزیز، رشتہ دار یا محبت کرنے والے سے تعلق توڑے ہوئے تو نہیں؟ کسی سے حسد کینہ اور بغض میں مبتلا تو نہیں؟ آپ کے اندر انسانی ہمدردی کس حد تک موجود ہے؟ لوگوں کی تکلیف آپ کو کتنا غمزدہ کر دیتی ہے؟ کہیں آپ نرمی کی صفت سے محروم تو نہیں؟ اس بات پہ بھی غو ر کریں کہ آپ نے کہیں رشتہ داروں کی تخصیص تو نہیں کر رکھی ؟ کیا آپ سب کے ساتھ برابری کا سلوک کرتے ہیں؟ آپ اپنے طرزِعمل سے کسی کی تذلیل تو نہیں کرتے؟ آفس ،گھر یا خاندان میں لوگوں کی بے عزتی کرنے میں آپ تسکین تو محسوس نہیں کرتے؟

اگر آپ خاتون ہیں تو اس بات پر بھی اپنا احتساب کریں کہ اپنے گھر یا خاندان میں ساس، بہو یا نند کے رشتے میں آپ کسی سے زیادتی تو نہیں کرتیں؟ آپ کاوجود کسی کے لئے تکلیف کا باعث تو نہیں ہے یا آپ سے کسی کی حق تلفی تو نہیں ہو رہی؟ روزانہ اپنا احتساب کریں۔ اپنا سارا طرزعمل نوٹ کریں۔ پھر اپنے اس طرز عمل کے حوالے سے دین کی تعلیمات پر نظر ڈالیں۔ اگر آپ دین کی تعلیمات سے زیادہ واقف نہیں ہیں تو دین کو جاننے والوں سے پوچھیں یعنی مستند علماء مشائخ سے پوچھیں اور اگر آپ کا ایسے کسی شخص سے رابطہ نہ ہو سکے تو کم از کم انٹرنیٹ پر مستند علما ء کا انسانی طرزعمل کے حوالے سے درس سنیں اور پھر غور کریں کہ آپ اپنی عملی زندگی میں دین سے کتنا قریب یا دور ہیں؟ آپ نے کتنا کچھ غلط کیا؟

جب آپ اچھی طرح یہ جان لیں تو پھر اپنی اصلاح کرنا شروع کر دیں اور سارا سال اس کی کوشش کرتے رہیں، اگر آپ حقوق اللہ میں کمی کوتاہی کر رہے ہیں تو اسے پوری کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔ اسی طرح اگر لوگوں کے ساتھ معاملات میں آپ درست نہیں ہیں اور آپ نے لوگوں سے بہت زیادتیاں کیں ہیں توفوراً دو کام کرنے کا پکا ارادہ کریں ایک یہ کہ پہلے اس غلطی کی تلافی کریں اور پھر صدق دل سے ندامت کے ساتھ متعلقہ شخص سے معافی مانگیں اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے بھی معافی طلب کریں ۔

حقوق العباد کے بارے میں یہ بات ذہن میں رکھیں کہ اگر آپ نے اس میں کو ئی کمی یا کوتاہی کی ہے تو پھر یہ صرف سوری، توبہ اور اپنی اصلاح کر لینے سے معاف نہیں ہوتے بلکہ آپ کو اس کے لئے اس شخص سے معافی مانگنی ہوتی ہے اور تلافی کرنا ہوتی ہے۔ اگر وہ شخص دل سے معاف کردے تو اللہ تعالیٰ رحیم و کریم ذات ہے اُس سے امید ہے کہ وہ معاف کر دے گا۔ رمضان المبارک گزارنے میں اس خود احتسابی کے عمل پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

تحریر: عمیر احمد قادری