لاہور: ( روزنامہ دنیا) دبئی کو متعدد ایسی عمارات کیلئے جانا جاتا ہے جن کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی، جیسے برج الخلیفہ، مگر وہاں اب ایسی بلڈنگ رواں سال عوام کیلئے کھولی جا رہی ہے جو دنگ کر دینے والی ہے۔
ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے آرکیٹیکٹ جیمز لا نے آئی پیڈ کی شکل کی عمارت کو ڈیزائن کیا جو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ اس عمارت کو ’’دی پیڈ ‘‘ کا نام دیا گیا ہے جو 2006 سے دبئی کے بزنس بے میں تعمیر ہو رہی ہے اور رواں سال کے آخر میں اسے کھول دیا جائیگا۔
24 منزلہ عمارت میں 231 ذہین اپارٹمنٹ ہونگے جو کہ ورچوئل رئیلٹی پراجیکشن سے لیس ہونگے اور دیواروں میں لوکیشنز بدلتی رہیں گی۔ سونے کے کمرے میں ایسے سنسر ہونگے جو رہائشی افراد کی صحت کا رئیل ٹائم میں تجزیہ کر کے رپورٹس کو آئینے میں دکھائینگے۔
یہ عمارت 6.5 ڈگری پیچھے کی طرف جھکی ہوئی ہے جبکہ اسکے ڈیزائن میں آئی پیڈ کی نقل کا خیال رکھا گیا ہے اسی طرح ایئر فلٹرز اور ورچوئل رئیلٹی والز کیساتھ اسے بنانیوالی کمپنی کو امید ہے کہ مستقبل میں اپارٹمنٹس میں ایسے فیچرز کا اضافہ ہوسکے گا جو ایپل کے ایپ سٹور سے ڈاؤن لوڈ کئے جائینگے۔
اس عمارت میں لائٹس کیلئے ایسی ٹیکنالوجی استعمال کی جائیگی جو روشنی کا رنگ ڈوربیل، موبائل فون بجنے پر بدل دیگی یا کوئی پسندیدہ ٹی وی پروگرام شروع ہونے پر مخصوص رنگ کی لائٹ آن ہو جائیگی۔