لاہور: (ویب ڈیسک) کورین کمپنی سام سنگ کا سب سے حیران کن سمارٹ فون گلیکسی ایکس رواں سال کے آخر تک متعارف کرادیا جائے گا۔ یہ دعویٰ معروف امریکی اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا۔
یہ فون جس کا کوڈ نام ونر رکھا گیا ہے، 7 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا جو کہ لچکدار سکرین کی بدولت فولڈ ہوکر ایک بٹوے جتنا ہوجائے گا۔ اس ڈیوائس میں ایک چھوٹا ڈسپلے بھی فرنٹ پر ہوگا جو کہ فون فولڈ ہونے پر نظر آئے گا۔
اس فون کی قیمت 15 سو ڈالرز (دو لاکھ پاکستانی روپے کے قریب) سے زیادہ ہونے کا امکان ہے۔ ابھی سام سنگ کا سب سے مہنگا فون گلیکسی نوٹ 8 ہے جس کی قیمت 960 ڈالرز سے شروع ہوتی ہے۔ ویسے اس فولڈ ایبل سام سنگ فون کے حوالے سے افواہیں تو برسوں سے سامنے آرہی ہیں، جس کے پیٹنٹ ڈیزائن بھی کئی بار لیک ہوئے، جن سے اندازہ ہوتا تھا کہ یہ مکمل کھلنے پر ٹیبلیٹ کے حجم کے قریب ہو گا مگر اس کی موٹائی سمارٹ فونز جتنی ہی ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق یہ فون محدود تعداد میں دستیاب ہو گا، جس کا مقصد اس کے حوالے سے صارفین کے ردعمل کا جائزہ لینا ہے۔ 2013 میں سام سنگ نے گلیکسی راﺅنڈ نامی ڈیوائس متعارف کرائی تھی جو کہ اس کی خم دار ڈسپلے والے فون کی پہلی کوشش تھی۔ یہ ڈیوائس مخصوص ایشیائی ممالک میں پیش کیا گیا تاکہ غلطیوں سے سبق سیکھ کر بڑے پیمانے پر تیار کیا جائے۔ اس کے اگلے سال گلیکسی نوٹ ایج کو متعارف کرایا گیا، جس میں سنگل ایج دیا گیا تھا اور وہ اب مارکیٹ میں دستیاب تمام خم دار ڈیوائسز کا پیشرو ثابت ہوا۔