فیس بک زوال پذیر، وزیٹرز کی تعداد آدھی رہ گئی

Last Updated On 13 August,2018 09:48 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا ویب سائٹ ’’فیس بک‘‘ کی مقبولیت میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق گزشتہ دو برس میں فیس بک کے وزیٹرز کی تعداد میں 50 فیصد تک کمی ہوگئی ہے۔

دو سال پہلے تک فیس بک پر وزٹس کی ماہانہ تعداد 8.5 ارب (آٹھ ارب پچاس کروڑ) تھی جو اس سال یعنی 2018 کے وسط تک کم ہو کر 4.7 ارب (چار ارب ستر کروڑ) ماہانہ رہ گئی ہے۔ اس بات کا انکشاف ویب سائٹ ٹریفک پر نظر رکھنے اور تجزیہ کرنے والے آزاد پلیٹ فارم سمیلر ویب کی ذیلی ویب سائٹ ’’مارکیٹ انٹیلی جنس ڈاٹ آئی او‘‘ پر ایک تجزیہ نگار نے اپنے تازہ جائزے ’’پیراڈائم شفٹ‘‘ میں کیا ہے۔ جائزے کے مطابق ایک طرف فیس بُک پر آنے والے صارفین کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ دوسری جانب یوٹیوب پر آنے والے افراد کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔

فیس بک تجزیہ کاروں کے مطابق شاید اس کی وجہ پرائیویسی کے معاملات، امریکی انتخابات میں جعلی خبریں ہوں تاہم کمپنی سٹاک مارکیٹ میں گرتے حصص کی وجہ سے پہلے ہی بہت نقصان اٹھا چکی ہے تاہم سمیلر ویب نے فیس بک کو موبائل ایپس میں بہترین قرار دیا ہے۔ فیس بک صارفین براؤزر کے بجائے بہت تیزی سے ایپس کی جانب متوجہ ہورہے ہیں۔ اسی بنا پر کہا گیا ہے کہ فیس بک ٹریفک میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے۔