لاہور: (ویب ڈیسک) صبح سویرے میٹھی نیند سے بیدار ہو کر نرم گرم بستر چھوڑنا کسے اچھا لگتا ہے اور ایسے میں سارا دن بھی بوجھل گزرے، ہرگز مناسب نہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح جلدی اٹھنے کے بعد دن کو نا خوشگوار بنانے والی ایک وجہ یہ ہے کہ ہم ایک اہم کام سرانجام نہیں دیتے جو نیند سے آنکھ کھلنے کے بعد سب سے پہلے کرنا چاہیئے۔
اور یہ عادت انگڑائی لینا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح نیند سے آنکھ کھلتے ہی بستر سے اترنے سے بھی قبل آپ کو ایک بھرپور انگڑائی لینے کی ضرورت ہے۔
ماہرین کے مطابق انگڑائی لیتے ہوئے اپنے جسم کو زیادہ سے زیادہ کھینچیں اور اسے پھیلا لیں۔ ماہرین اس کی وجہ یہ بتاتے ہیں کہ جسم کو چوڑا کرنا اور پھیلا لینا خود اعتمادی کی علامت ہے۔ جب ہم جسم کو پھیلاتے ہیں تو اس سے ہم اپنے دماغ کو یہ بتاتے ہیں کہ ہم بہت پراعتماد ہیں اور ایک بھرپور دن کا آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے ہمارا دماغ واقعتاً خود اعتمادی محسوس کرنے لگتا ہے۔ ماہرین متفق ہیں کہ بستر سے اترنے سے قبل ایک بھرپور انگڑائی دن کو نہایت خوشگوار بنا سکتی ہے اور آپ جسمانی طور پر چاق و چوبند رہ سکتے ہیں۔