لاہور: (ویب ڈیسک) کارخانہ قدرت میں خلق کی گئی تمام اشیا کئی طرح کے فوائد کی حامل ہیں، پھل ہو یا سبزیاں موسم کی خصوصیات کے مطابق ان کا استعمال انسانی صحت کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ ان میں سے ایک پھل تربوز بھی ہے جس کی بے شمار خصوصیات میں صحت مند فرد کو توانائی اور گرمی کے سخت موسم سے لڑنے کی طاقت مہیا کرنا ہے وہاں کئی بیماریوں کے علاج کے طور پر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
طبی ماہرین نے سالوں کی تحقیق کے بعد تربوز کو مختلف پیچیدہ بیماریوں میں دوا جیسی خصوصیات کا حامل پایا ہے جن میں سے چند درج ذیل ہیں۔
دل کے مریضوں کے لیے
دل انسانی جسم میں بنیادی اہمیت کا حامل عضو ہے تاہم آج کل اس کی بیماری اتنی عام ہو گئی ہے کہ بوڑھے تو بوڑھے، جوان اور بچے بھی اس سے متاثر ہوتے نظر آ رہے ہیں، اس کے علاج کے لیے دواوں کا استعمال نہ صرف جیب پر بھاری ہوتا ہے بلکہ ان دوائیوں کے سائڈ ایفکٹ بھی بہت ہیں لہٰذا دل کے امراض سے بچنے کے لیے گھریلو ٹوٹکا استعمال کرنا چاہیے اور اس کا حل بھی تربوز اور دیگر پھلوں میں چھپا ہواہے۔ تربوز میں موجود لائی کوپین نامی اجزا دل کے امراض کے لیے انتہائی مفید ہیں اور ایک تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس کے استعمال سے دل کے امراض کو کم کیا جاسکتا ہے۔
پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے
گرمی کے موسم میں پیاس انسان کو بے حال کر دیتی ہے، پسینے کی صورت میں ہماری نمکیات جسم سے خارج ہوجاتے ہیں اس لیے پانی کی کمی یا اس کے نتیجے میں ہونے والی بیماریوں کے لیے تربوز انتہائی فائدہ مند ہے جو جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے ساتھ غذائیت بھی فراہم کرتا ہے۔
بالوں کے لیے مفید
تربوز کے آزمودہ فوائد میں بالوں کے مسائل کا حل بھی موجود ہے، اس میں پایا جانیوالا وٹامن اے جلد کے لیے بہت مفید ہے لہٰذا صرف تربوز کا ایک کپ وٹامن اے کی روزمرہ کی ضرورت کو پورا کرتا ہے جب کہ تربوز بالوں کو بھر پور موسچرائزر بھی فراہم کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کسی چیز کی زیادتی بھی بری اور کمی بھی، یہی معاملہ تربوز کے ساتھ بھی وابستہ ہے لہٰذا تربوز کا مناسب مقدار میں استعمال ہی فوائد کا حامل ہے، بے وقت اور زیادہ مقدار میں کھانے سے ہیضہ اور پیٹ کے دیگر مسائل مشکل میں ڈال سکتے ہیں۔