ایتھنز: (ویب ڈیسک) قدرت نے نومولود بچے کی خوراک کا سامان کسی تردد میں ڈالنے کی بجائے بغیر ماں کیساتھ ہی رکھ دیا، اس فطری تحفے کی افادیت یہیں تک محدود نہیں بلکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جو مائیں اپنے بچوں کو باقاعدگی سے اپنا دودھ پلاتی ہیں انھیں دیگر خواتین کے مقابلے دل کی بیماریوں میں مبتلا ہونے کا کم خدشہ ہوتا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیقات کے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دو سال تک نوزائیدہ بچوں کو دودھ پلانے والی ماوں میں دل کے عارضے کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ صرف یہی نہیں، کینسر جیسی موذی مرض سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ ایک اور سٹڈی کے مطابق بریسٹ کینسر کے خطرات ماوں کے اپنے بچوں کو دودھ پلانےسے کم ہو جاتے ہیں۔ اس لئے طبی ماہرین نے ماوں کو مقررہ مدت تک اپنے بچوں کو دودھ پلانے کی صلاح دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس عمل کے دیگر بھی بے شمار فوائد ہیں۔
گزشتہ تحقیقاتی مطالعے سے ثابت کیا جا چکا ہے کہ دودھ پلانے کا عمل بچے کی ولادت کے بعد خواتین میں ایک قسم کی ڈپریشن سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ اگر مائیں اپنے بچوں کو دودھ پلانے کا عمل جاری رکھیں تو اس سے ان کے خون میں شکر کی مقدار برقرار رہتی ہے اور جسم کا وزن متوازن ہو جاتا ہے۔
ذیابیطس کا خطرہ خاص قسم کے ہارمون "پرولیکٹن" سے کافی حد تک کم ہو جاتا ہے جو دودھ پلانے سے ماؤں میں بڑھ جاتا ہے تاہم پرولیکٹِن ہارمون اور اس کے مزید اثرات کی سائنسی وجوہات معلوم کرنے کیلئے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔