دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی جامعہ خلیفہ برائے سائنس و ٹیکنالوجی کی پانچ طالبات نے دل کے آپریشن کو مزید آسان بنانے کیلئے روبوٹ تیار کر لیا۔
اماراتی اخبار کے مطابق روبوٹ سے دل کے حساس آپریشن میں غلطی کا امکان ختم ہو جائے گا، آپریشن محفوظ ہوگا اور اس کا دورانیہ بھی کم ہوجائے گا۔ پراجیکٹ کی تیاری میں شامل طالبات انوار الکثیری، سارہ آل علی، مریم بن کلیب، علیاءالزحمی اور شذی قرمان کا کہنا تھا کہ اپنی کامیابی پر بے انتہا خوش ہیں۔
طالبات کا کہنا تھا کہ روبوٹ کا تجربہ کامیاب رہا جو دنیا طب میں دل کے آپریشن کے لیے مزید سہولتیں پیدا کرنے کا باعث بنے گا۔ ہارٹ سرجری میں جدت کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ دل کی بند شریانوں میں سٹنٹ ڈالنے کے لیے روبوٹ مددگار ثابت ہو گا، یہ خود کار طریقے سے انسانی جسم کی اہم شریانوں میں گزر سکے گا۔
طالبات کے مطابق روایتی طریقے سے انجیو پلاسٹی کے دوران سٹنٹ ڈالنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا اور اس عمل میں ٹیوب کو شریان سے گزارتے وقت اس بات کا امکان ہوتا تھا کہ شریان کی دیوار متاثر ہو جائے گی، جبکہ متاثرہ مقام جہاں سٹنٹ ڈالنا ہوتا تھا اس کا تعین بھی کافی مشکل ہوتا تھا۔ روبوٹ جو کہ مکمل خود کارانداز میں کام کرے گا اس سے شریان کے متاثر ہونے کا امکان ختم ہو جائے گا جبکہ متاثرہ مقام کا تعین بھی روبوٹ خود کار طریقے سے کرے گا۔
دل کے آپریشن کو مزید آسان بنانے والا یہ روبوٹ تھری ڈی ٹیکنالوجی سے مزین ہے۔ اسے آسانی سے آپریٹ کیا جاسکے گا جبکہ اس کی ٹیوب کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ٹیوب انتہائی حساس اور لچکدار ہے جو آسانی سے شریان سے گزر کر دل کے حساس مقامات تک پہنچ سکتی ہے۔