دبئی: (دنیا نیوز) دبئی میں بس حادثے میں ہلاک پاکستانیوں کی تعداد دو ہو گئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے دبئی میں ٹریفک حادثہ ہوا جس میں ایک پاکستانی موقع محمد شفیق موقع پر دم توڑ گیا جبکہ حادثے میں زخمی ہونے والا دوسرا پاکستانی بھی چل بسا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی: ٹریفک حادثہ، ایک پاکستانی، 12 بھارتیوں سمیت 17 افراد ہلاک
ڈاکٹر فیصل کے مطابق قونصل جنرل نے حادثے کے بعد دبئی میں ہسپتال کا دورہ کیا جبکہ جاں بحق پاکستانیوں کی میتیں واپس لانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں ٹریفک حادثے کے دوران 17 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں سے 12 کا تعلق بھارت سے تھا۔ بس میں 31 مسافر سوار تھے جو مختلف ممالک سے تعلق رکھتے تھے اور عید کی چھٹیاں منانے کے بعد اومان سے واپس آرہے تھے۔
اماراتی میڈیا کے مطابق حادثہ دبئی کی مصروف ترین شاہراہ شیخ محمد بن زید پر پیش آیا جہاں تیز رفتار بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر ٹریفک سگنل پر لگے سائن بورڈ سے جا ٹکرائی۔
دبئی میں پاکستانی قونصلیٹ نے ایک پاکستانی کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے، جس کا نام شفیق بتایا جا رہا ہے۔
بھارت کے دبئی میں قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ مرنے والے 12 کا تعلق بھارت سے ہے۔ نعشوں کے معاملے پر دبئی کے حکام سے رابطے میں ہیں اور جلد سے جلد کاغذی کارروائی مکمل کر لیں گے۔ ہمیں امید ہے کہ کل یا پرسوں نعشیں مل جائینگی جس کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کر دی جائینگی۔