یو اے ای میں بحری جہازوں پر حملوں کیلئے غوطہ خوروں کا استعمال

Last Updated On 07 June,2019 03:05 pm

دبئی: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات نے تیل بردار بحری جہازوں پر حملوں کو منظم آپریشن قرار دے دیا۔ سلامتی کونسل کو پیش رپورٹ کے مطابق حملوں کے لیے غوطہ خوروں کا استعمال کیا گیا۔

متحدہ عرب امارات نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا ہے کہ سمندر میں تیل بردار جہازوں پر ہونے والے حملوں میں ایک ریاستی عنصر ملوث ہے، حملوں کو سوچا سمجھا اور منظم آپریشن قرار دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان حملوں کے لیے غوطہ خور استعمال کیے گئے، جنھوں نے جہازوں کے ساتھ چپک جانے والی بارودی سرنگیں لگائیں اور جہازوں کو بڑا دھماکہ کیے بغیر نقصان پہنچایا گیا۔ متحدہ عرب امارات نے رپورٹ میں کسی بھی ملک کا نام نہیں لیا۔

12 مئی کو آبنائے ہرمز سے کچھ دور متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور ناروے کے تیل بردار ٹینکرز کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ امریکا نے ان حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا تاہم تہران نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔
 

Advertisement