لاہور: (روزنامہ دنیا) مشرقی روایات کے مطابق کھڑے ہوکر کھانے اور پینے کو معیوب سمجھا جاتا ہے اور سماجی اقدار بھی اس بات کی اجازت نہیں دیتیں کہ کھڑے ہو کر کھانے اور پینے کو عادت بنایا جائے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حالیہ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ کھڑے ہو کر غذا کھانا نہ صرف صحت کیلئے خطرناک ہے بلکہ یہ عادت کچھ بڑی بیماریوں کا باعث بن سکتی ہے۔
ذہنی اضطراب اور بے چینی جو بعد ازاں دیگر بیماریوں کا سبب بنتی ہے، کھڑے ہو کر کھانا اس کی بڑی وجہ ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ کھانا کھاتے وقت کھڑے رہنے سے انسانی جسم کے خون کا بہاؤ بے ترتیب رہتا ہے، اس طرح دل کو خون جسم کے کئی حصوں میں پہنچانے میں مشکل پیش آ سکتی ہے جو دل کی متعدد بیماریوں کا باعث بھی بن سکتا ہے۔
غذا کو ہضم کرنے کیلئے خون کے مخصوص بہاو کی ضرورت ہوتی ہے جو کھڑے رہنے کے سبب معدے اور دیگر اعضا کو مہیا نہیں ہو پاتا، یہاں تک کہ انسان کھانے کا ذائقہ بھی ٹھیک طرح محسوس نہیں کر سکتا جبکہ بیٹھ کر کھانے سے بھرپور لطف اٹھانے کے علاوہ کھانا اچھی طرح خون میں جذب ہو جاتا ہے جو دماغی اور جسمانی صحت کیلئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔