ٹی وی دیکھتے دیکھتے سو جانا موٹاپے کا باعث

Last Updated On 14 June,2019 11:19 am

واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) تاریک کمرے میں دیر تک ٹی وی دیکھنے اور چلتے ہوئے ٹی وی کے سامنے سو جانے سے وزن بڑھ سکتا ہے اور آخرکار موٹاپے تک لے جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رات کے وقت گھر میں مصنوعی روشنیوں کو کم سے کم رکھنا موٹاپے کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے تاہم تاریک کمرے میں زیادہ دیر تک ٹی وی دیکھنا اور ٹی وی دیکھتے دیکھتے سو جانا موٹاپے کا باعث بن سکتا ہے۔

چوہوں پر رات کے وقت مصنوعی روشنی کے اثرات کو ماہرین نے باقاعدہ نوٹ کیا اور یہ بات سامنے آئی کہ رات دیر تک جگانے اور مصنوعی روشنی میں رکھنے سے چوہے نہ صرف موٹے ہو گئے بلکہ ان کی عادات میں سستی بھی شامل ہو گئی جس نے انھیں مزید موٹا بنا دیا۔

بعد ازاں یہ تجربہ انسانوں پر کیا گیا، تحقیق کے دوران مختلف خواتین سے ان کی غذائی عادات، ورزش اور دیگرعوامل کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔ نتائج سے اخذ ہوا کہ رات کے اندھیرے یعنی دیرتک ٹی وی دیکھنے والی خواتین میں موٹاپے کا خطرہ 19 فیصد تک بڑھا ہوا تھا۔ اس تجربے سے رات کو ٹی وی دیکھنے، مصنوعی روشنیوں میں وقت گزارنے کا موٹاپے سے تعلق واضح ہو گیا۔
 

Advertisement