طیارے کے درمیان میں کاک پٹ والا انوکھا سپرسانک جیٹ

Last Updated On 26 June,2019 10:12 pm

کیلیفورنیا: (روزنامہ دنیا) جب بھی جدید اور تیز رفتار طیارے کی بات ہو تو انجینئر عجیب و غریب ڈیزائن پیش کرنے سے بھی نہیں ہچکچاتے، حال ہی میں ناسا کے ڈیزائنرز نے ایک ایسے سپر سانک طیارے کا تصور پیش کیا ہے جس میں کاک پٹ درمیان میں لگا ہے اور انتہائی ستواں طیارے کے ڈھانچے کو دیکھ کر اس پر پنسل کا گمان ہوتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطاق اس طیارے کو ایکس 59 کیو یو ای ایس ایس ٹی یا کیوسٹ کا نام دیا گیا ہے۔ طیارے کی نوک پر دو جدید ترین کیمرے نصب ہیں جو مشترکہ طور پر پورا منظر دکھاتے ہیں اور بہت دور نصب کاک پٹ میں موجود پائلٹ عین حقیقی منظر کی طرح پوری علاقے کو دیکھتا ہے، ناسا نے اس نظام کو بیرونی بصری نظام یا ایکس وی ایس کا نام دیا ہے۔

طیارے کی دوسری خاص بات یہ ہے کہ یہ جیسے ہی آواز کی رفتار سے آگے جاتا ہے تو اس سے بلند آواز والی صوتی گونج پیدا نہیں ہوتی۔ سماعت چیر دینے والی یہ آواز بسا اوقات بم گرنے جیسی ہوتی ہے، اسی وجہ سے امریکی سرزمین پر سونک بوم والے طیاروں پر پابندی عائد کردی گئی ہے کیونکہ اس کی ہولناک آواز لوگوں کو خوفزدہ کر دیتی ہے لیکن انجینئر کب ہمت ہارتے ہیں اور اس کے تدارک کیلئے انہوں نے جدتوں بھرا نیا طیارہ ڈیزائن کر دیا ہے۔