فضائی سفر میں انقلاب، چین نے دنیا کاپہلا مسافر ڈرون بنا لیا

Last Updated On 28 June,2019 06:24 pm

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) چین کی ڈرون میکر کمپنی نے دنیا کا پہلا مسافر ڈرون تیار کرکے فضائی سفر میں انقلاب برپا کر دیا ہے۔ اس مسافر ڈرون کی قیمت 3 لاکھ 36ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے اور کمپنی کو ہزاروں آرڈرز مل چکے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق دنیا کے پہلے مسافر ڈرون ہونے کا اعزاز حاصل کرنے والی اس منفرد اور انوکھی سواری کو چین میں انٹرنیشنل ایکسپو میں نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ مسافر ڈرون 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آسمان کی بلندی پر اڑنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ چین کے ایرو سپیس گروپ اے وی آی سی کے تیار کئے گئے اس ڈرون میں دو افراد ڈیڑھ سو کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پچاس سے ستر کلو میٹر تک با آسانی سفر کر سکتے ہیں۔

دنیا کے اس پہلے مسافر ڈرون کی ایڈوانس بکنگ بھی جاری ہے جس کی قیمت 3لاکھ 36ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق مسافر ڈرون بنانے کے ہزاروں آرڈرز انہیں پہلے مل چکے ہیں جبکہ اس مسافر ڈرون کی مختلف ممالک میں آزمائشی پروازیں بھی ہو چکی ہیں۔