منہ جلنے اور معدے کی جلن ختم کرنے کیلئے دودھ انتہائی مفید قرار

Last Updated On 28 June,2019 12:27 pm

پینسلوانیا: (روزنامہ دنیا) سینے اور معدے کی جلن کم کرنے کیلئے ایک گھریلو ٹوٹکا دودھ بھی ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ مرغن اور مصالحے دار غذاؤں کی سوزش کم کرتا ہے، اب ماہرین نے اس کے سائنسی ثبوت پیش کر دئیے ہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چکنائی والا یا چکنائی کے بغیر دودھ دونوں ہی مرچ مصالحوں کی شدت کم کرتے ہیں، اگرچہ میٹھے مشروب بھی اس جلن کو کم کر سکتے ہیں لیکن سافٹ ڈرنکس اس میں کوئی کردار ادا نہیں کرتے۔

پینسلوانیا سٹیٹ یونیورسٹی نے اس ضمن میں ایک چھوٹا سا مطالعہ کیا ہے جس میں 72 افراد پر سات مختلف اقسام کے مشروبات آزمائے گئے تھے۔ اس تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ چکنائی کے ساتھ اور چکنائی کے بغیر دودھ منہ اور معدے جلن دور کرنے میں سب سے بہترین ثابت ہوتے ہیں۔

مرچوں میں ایک مرکب عام پایا جاتا ہے جسے کیپسیسن کہا جاتا ہے، یہ منہ اور معدے میں جلن پیدا کرتا ہے، دودھ میں موجود خاص پروٹین اس کی شدت اور جلن کو ماند کرتے ہیں۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اس جلن کو بیئر اور شراب نوشی سے کم نہیں کیا جاسکتا اور اس سے جلن مزید بڑھ جاتی ہے، دوسری جانب سافٹ ڈرنک اور سوڈا بھی اس ضمن میں مفید نہیں ہوتے۔