بادام ضرور کھائیں

Last Updated On 30 June,2019 04:41 pm

لاہور: (دنیا میگزین) بادام کا تیل صدیوں سے افزائش حسن اور صحت کے لئے مستعمل ہے۔ چہرے پر بادام کے تیل کی مالش سے چہرہ تروتازہ اور شاداب رہتا ہے۔

یہ طریقہ ماضی میں بہت مقبول تھا خصوصاً شاہی گھرانے کی خواتین اسے اپنے معمول میں شامل رکھتی تھیں۔ خصوصاً مصر کی ملکہ قلوپطرہ افزائش حسن میں روغن بادام استعمال کیا کرتی تھیں۔

موجودہ دور میں روغن بادام کا افزائش حسن کے حوالہ سے استعمال ’’میجک آف ایسٹ‘‘کے نام سے مغربی ممالک میں خاصی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔

عام طور پر آلمنڈ آئل میٹھے بادام کی گریوں سے حاصل کیا جاتا ہے۔ یہ بادام روغن ادویاتی اور کاسمیٹک استمال میں لایا جاتا ہے۔ یہ قبض کشا خاصیت رکھتا ہے۔ اسے برونکائٹس‘کھانسی‘سینے کی جلن کے علاوہ گردوں، مثانے اور صفراوی نالیوں کی بے قاعدگیاں دور کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

یہ پٹھوں کی دکھن اور درد کے خاتمے کیلئے فائدہ مند ہے۔ علاوہ ازیں جلد کو نرم وملائم بنانے اور رنگت صاف کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔ بالوں کیلئے بھی مفید ہے۔

روغن بادام مختلف پکوانوں کا ذائقہ بہتر بنانے اور کنفیکشنری میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ کڑوے باداموں کا تیل اندرونی طور پر استعمال نہیں کیا جاتا کیونکہ اس میں پرسک ایسڈ، ہائیڈرو سایانک ایسڈیا سایا نائیڈ پایا جاتا ہے جو کہ زہر ہے۔ روغن بادام کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے چند ایک قارئین دنیا کی نذر ہیں۔

مضر کولیسٹرول کم کرنے کیلئے

روغن بادام میں ایچ ڈی ایل کو بڑھانے اور ایل ڈی ایل کو گھٹانے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔ ریسرچ کے مطابق بادام کے تیل میںسیچیوریٹڈ فیٹ کے ساتھ ساتھ فائبر اور دیگر منرلز پائے جاتے ہیں جو ناصرف کولیسٹرول کم کرنے بلکہ دل کے امراض اور شوگر سے بھی بچاتے ہیں۔

وزن میں کمی کیلئے

روغن بادام اپنی اینٹی انفلیمنٹری اور اینٹی آکسیڈیٹو خصوصیات کے سبب وزن کم کرنے میں مددگار رہتا ہے۔ ریسرچ کے مطابق جو لوگ روزمرہ کی بنیاد پر اپنی غذا میں بادام کے تیل کا استعمال کرتے ہیں ان کے وزن میں نمایاں کمی ہوتی ہے بہ نسبت ان لوگوں کے جو اسکا استعمال نہیں کرتے۔

آنتوں کی صحت کیلئے

بادام کا تیل آنتوں کی صحت کے لئے بے حد مفید رہتا ہے۔ یہ آنتوں کے کینسر سے بچاتا ہے۔ اگر آپ کو قبض یا آنتوں کی دیگر تکالیف کا سامنا ہے تو آپ بادام کے تیل کو دودھ یا سلاد میں ملا کر کھائیں۔

کان کے درد کیلئے

یہ انتہائی تکلیف دہ درد ہے، خصوصاً بچوں میں، کان کے درد میں آپ بادام کا تیل نیم گرم کرکے دو قطرے ڈال سکتے ہیں، یہ نقصان دہ نہیں ہے۔

جلدی امراض ایگزیما اور سورائیسس کیلئے

اگر آپ اس مسئلہ سے دوچار ہیں تو اس میں ہونے والی خارش، جلن اور سرخی آپ بادام کا تیل لگا کر ختم کر سکتے ہیں۔ یہ اس کا بہترین علاج ہے۔

جلد کی حفاظت کیلئے

سکن کیئر کی جانی مانی مصنوعات میں وٹامن ای کا استعمال کیا جاتا ہے جبکہ بادام کے تیل میں یہ قدرتی طور پر موجود ہوتا ہے۔ روزانہ جلد پر اس کا استعمال الٹرا وائیلٹ شعاعوں سے بچا کر اس کی حفاظت کرتا ہے۔ اس سے آپ بچوں کا مساج بھی کر سکتے ہیں۔ یہ جلد میں باآسانی جذب ہو جاتا ہے۔

سکن کلینزنگ کیلئے

بادام کا تیل سکن کلینزنگ کے لئے بہترین ہے۔ کاٹن کی مدد سے آپ اگر بادام کے تیل سے کلینزنگ کریں تو یہ آرام سے جلد میں جذب ہو کر اندرونی طور پر بھی جلد کی کلینزنگ کرتا ہے۔ میک اپ اتارنے کے لئے بھی آپ اس آئل کو آرام سے استعمال کر سکتی ہیں۔

کیل مہاسوں سے نجات کیلئے

بادام کے تیل میں پائی جانے والی وٹامن اے کی خصوصیات جلد کو دانوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ اگر آپ روزانہ کی بنیاد پر اس کا استعمال جاری رکھیں تو جلد کو دانوں سے پاک رکھ سکتی ہیں۔

آنکھوں کے حلقوں کیلئے

آنکھوں کے گرد حلقے ساری خوبصورتی کو گہنا دیتے ہیں۔ صرف بادام کے تیل سے اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ روز رات میں نیم گرم بادام کے تیل سے آنکھوں کے گرد مساج کرنے سے ناصرف حلقے بلکہ اگر آنکھوں کے گرد سوجن ہو تو وہ بھی چلی جاتی ہے۔

چہرے کی جھریاں ختم کرنے کیلئے

درج ذیل طریق کار یورپ میں انتہائی مقبول ہو رہا ہے اور ’’میجک آف ایسٹ‘‘ کے نام سے معروف ہے۔ سب سے پہلے چہرے کو دودھ میں بھیگے کاٹن سے صاف کیجئے صفائی کے دوران اس بات کا خیال رکھیں کہ رگڑ نہ زیادہ ہلکی ہو اور نہ زیادہ تیز بس درمیانہ دباؤ رکھیں اب نیم گرم روغن بادام میں عرقِ گلاب کے چند قطرے شامل کر کے چہرے پر مساج کے انداز میں ہلکی ہلکی مالش کریں اور یہ عمل پانچ منٹ تک جاری رکھیں اس طرح چہرے کی ورزش بھی ہو جائے گی اور چہرے پر نظر آنے والی جھریاں بھی ختم ہو جائیں گی جلد بھی حسین اور جوان رہے گی۔