بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین کی متعارف کردہ ایپ ٹک ٹاک نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض بچوں اور نوجوانوں پر ایپ کے ذریعے پسندیدہ انفلوئنسرز کو پیسے بھیجنے کا دباؤ تھا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹک ٹاک انفلائنسرز مداحوں سے تحفہ مانگتے ہیں جس کے بدلے میں موبائل نمبر دینے کا وعدہ کیا جاتا ہے کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ایپ کی پالیسی کے خلاف ہے۔ ایک اسٹار نے تو فین سے ایک ہفتے تک انسٹا گرام پر بات کرنے کا وعدہ کیا اور اسے 147 پاؤنڈ کے تین تحفے ملے۔
کمپنی کے مطابق بعض ویڈیو بنانے والے مستقل طور پر تحائف کے بدلے میں فون نمبر اور میسیج کرنے کی تفصیلات شیئر کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔ ایک خاتون جس نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ میں اب تک 100 ڈالر کے تحائف اپنے پسندیدہ سٹارز کو بھیج چکی ہوں تاکہ نمبر حاصل کر سکے تاہم جو نمبر ملا وہ رانگ نمبر ہے اس سے جواب موصول نہیں ہو رہا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 12 سالہ کلیری کا تعلق برطانیہ سے ہے انہوں نے امریکی اسٹار سیبسٹیئن موے کو 48.99 پاؤنڈ کا ’ڈرامہ کوئن‘ تحفہ بھیجا تاکہ ویڈیو کیلئے پسندیدگی کا اظہار کر سکیں۔ ایپ کے قانون کے مطابق جن ویڈیو میکرز کے ایک ہزار سے زیادہ فالوورز ہوتے ہیں وہ ٹک ٹاک کے پلیٹ فارم پر براہ راست نشریات بھی کر سکتے ہیں۔ براہ راست نشریات کے دوران مداح پسندیدگی کے اظہار کے لیے ڈیجیٹل تحفے بھیج سکتے ہیں۔
یہ تحفے سکرین پر اینی میشن کے طور پر ظاہر ہوتے ہیں اور قیمت 5 پینس سے لیکر 48.99 برطانوی پاؤنڈ تک ہو سکتی ہے۔ اس ایپ کے بڑے سٹار ایک ہی براہ راست نشریے میں ہزاروں پاؤنڈ کما سکتے ہیں۔ براہ راست نشریات کے دوران ڈیجیٹل گفٹس ارسال کیے جاسکتے ہیں۔ اس طرح کی آفرز بچوں پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں۔ اس ایپلیکیشن کے حوالے سے تاثر یہ بھی قائم ہوتا جا رہا ہے کہ ویڈیوز بچوں پر برے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔
کمپنی مالکان کا کہنا ہے کہ 13 سال سے کم عمر کے صارفین ایپ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہیں تاہم اس حوالے سے بہتری کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انفارمیشن کمشنر نے ڈیجیٹل، ثقافت، میڈیا اور کھیل کی کمیٹی کو بتایا کہ ٹک ٹاک کے حوالے سے بچوں کیلئے شفافیت ٹولز اور ایپلیکشن پر بچے کس طرح کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں اور ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں کا معائنہ کر رہی ہیں۔
ٹک ٹاک دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ ہے محض مارچ کے مہینے میں ٹک ٹاک 10 کروڑ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ ہوئی جس کے اس وقت 5 کروڑ سے زائد ایکٹیو صارف موجود ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ایپ اسٹورس پر ایک ارب سے زیادہ بار ڈاؤن لوڈ ہو چکا ہے۔ اس ایپ کے تحت صارف 15 سیکنڈ تک کی ویڈیو ڈال سکتے ہیں۔