3 مرحلوں میں سکڑ کر بیگ میں سما جانے والا الیکٹرک سکوٹر تیار

Last Updated On 08 August,2019 03:42 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) اگرچہ سکڑ کر کسی بیگ میں سما جانیوالی برقی سکوٹر کے کئی ماڈل سامنے آ چکے ہیں لیکن ایک نیا ماڈل تین مرحلوں میں سکڑ کر ایک بیگ میں سما جاتا ہے، اس ای سکوٹر کی لمبائی صرف 23 انچ ہے اور اس کا وزن 18 پونڈ کے لگ بھگ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ سکوٹر اپنی چھوٹی جسامت کے باوجود 8 کلوگرام وزنی سکوٹر 220 پونڈ یا 100 کلوگرام وزنی سوار کو لے کر 15 کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتا ہے لیکن اس پر سوار ہونے والا ایک وقت میں ایک ہی پاؤں رکھ سکتا ہے جو اس کی ایک خامی ہے اور سوار کو اپنا دوسرا پاؤں پیچھے رکھنا پڑتا ہے۔

منزل پر پہنچ کر اسے فولڈ کر کے ایک چھوٹے سے بیگ میں رکھ کر کندھے پر رکھا جا سکتا ہے۔ سکوٹر کی اونچائی 60 سینٹی میٹر ہے۔ اس کا پورا ڈھانچہ ہوائی جہازوں کے المونیئم سے بنایا گیا ہے۔ اس کے ٹائر پولی یوریتھین سے بنائے گئے ہیں جو گھستے نہیں اور نہ ہی پنکچر ہوتے ہیں۔ اگلے پہیئے پر لگی موٹر سکوٹی کو 15 کلومیٹر فی گھنٹہ تک کی رفتار فراہم کرتی ہے۔ تین گیئر سے سکوٹی کی رفتار کم یا زیادہ کی جاسکتی ہے۔

سکوٹر میں نصب بیٹری کو چارج ہونے میں دو گھنٹے لگتے ہیں اور اس کی ساخت بہترین کنٹرول کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس میں شاک آبزرور بھی لگے ہیں جو اونچے نیچے راستوں پر آپ کے سفر کو ہموار رکھتے ہیں۔