گوشت میں دھنس جانے والے ناخن کی پریشانی کا حل

Last Updated On 07 August,2019 12:13 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) ناخن گوشت میں گھس جانا کافی تکلیف دہ ہوتا ہے اور انفیکشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق اگر ناخن کو بہت زیادہ اور گوشت کے قریب کاٹا جائے تو اس کی نوک جلد میں داخل ہونے لگتی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ناخن اگر جلد کے اندر اگنے لگے تو اس کا گھر بیٹھے علاج ممکن ہے، ڈاکٹروں کے مطابق اگر گوشت میں معمولی سا ناخن گھسا ہے تو آپ خود بھی اسے اوپر اٹھا سکتے ہیں، بس ناخن کو بھگو کر نرم کر لیں اور پھر اس کے اندر کچھ رکھ دیں جو گوشت کو جلد سے الگ ہونے میں مدد دے سکے، اینٹی بائیوٹک مرہم کی کچھ مقدار کو متاثرہ حصے میں لگا کر انفیکشن کو روکا جا سکتا ہے، عام درد کش ادویات کا استعمال فائدہ مند ہوسکتا ہے۔

متاثرہ ناخن کو گرم پانی میں 15 سے 20 منٹ کیلئے بھگو دیں، ایسا کرنے سے تکلیف اور سوجن میں کمی آئے گی۔ یہ عمل 3 سے 4 بار دہرائیں، ایک اور آپشن متاثرہ حصہ نمک میں ڈبو دینا ہے، اس مقصد کیلئے ایک برتن میں گرم پانی بھر دیں اور پھر اس میں کچھ مقدار میں نمک شامل کرکے اس میں متاثرہ حصے کو 15 سے 20 منٹ کیلئے ڈبو دیں۔ آدھا کپ ہائیڈروجن پرآکسائیڈ گرم پانی سے بھرے برتن میں ملا کر متاثرہ حصے کو 15 سے 20 منٹ کیلئے ڈبو دیں۔ علاوہ ازیں ٹی ٹری آئل کے 2 سے 3 قطرے پانی میں مکس کرکے اس میں متاثرہ حصے کو 15 سے 20 منٹ کیلئے ڈبو دیں۔