چینی کمپنی سولر پینل سے چارج ہونیوالا سمارٹ فون بنانے میں مصروف

Last Updated On 06 August,2019 10:51 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑی خبر آئی ہے، چین ایک ایسا سمارٹ فون متعارف کرانے کی تیاریوں میں ہے جو سولر پینل سے چارج ہو گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سمارٹ فون کو چارجنگ کا مسئلہ اکثر اوقات شہریوں کو بہت تنگ کرتا ہے۔ چارجنگ کے بعد فوراً بیٹری کے گرنے سے شہری اکثر اوقات پریشان رہتے ہیں، تاہم سمارٹ فون استعمال کرنے والوں کے لیے ایک بڑی خبر آئی ہے۔ ایسے فون مارکیٹ میں آ رہے ہیں جو بجلی کی بجائے سورج کی روشنی سے چارج ہونگے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق چینی کمپنی شیاﺅمی نے ایسے ہی ماحول دوست سمارٹ فون کا ڈیزائن پیٹنٹ کرایا ہے جو ایک سولر پینل کی مدد سے خود کو چارج کرے گا۔ لیٹس گو ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق شیاﺅمی کے ڈیزائن پیٹنٹ میں فون کے بیک پر سولر پینل نصب ہے۔

یہ پیٹنٹ کمپنی کی جانب سے ورلڈ انیلکچوئیل پراپرٹی آفس میں جمع کرایا گیا ہے جس میں مختلف خاکوں میں آل اسکرین فون کو دکھایا گیا ہے جسکے بیک کور پر سولر پینل موجود ہے۔ یہ واضح نہیں کہ فرنٹ پر سیلفی کیمرا دیا جائے گا یا نہیں کیونکہ خاکوں میں فرنٹ پر صرف سکرین ہی ہے جبکہ کسی قسم کے نوچ یا ہول کا عندیہ نہیں دیا گیا۔

فون کے بیک پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ نظر آرہا ہے۔ اس فون کے پیٹنٹ ڈیزائن کا خاکہ آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔ یہ تو واضح نہیں کہ شیاﺅمی کی جانب سے فون کو کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے تاہم ماضی میں اس طرح کی کوشش دیگر کمپنیاں بھی کرچکی ہیں۔

ایل جی اور سام سنگ نے کئی برس پہلے ایسا کیا تھا اور سام سنگ کی جانب سے ای 1107 اور بلیو ارتھ ایس 7550 متعارف کرائے تھے جنکی 1080 ایم اے ایچ بیٹری میں سولر پینل موجود تھا جو کہ سورج کی روشنی میں ایک گھنٹے رہنے پر 10 منٹ تک کال کی سہولت فراہم کرتی تھی۔ ایل جی آپشنل سولر سیل بیٹری کور بیک 2010 میں پیش کیے تھے جو سورج کی روشنی میں 10 منٹ رہنے پر 2 منٹ تک کال کرنے کی سہولت فراہم کرتے تھے۔