پینٹاگون نے 5 سال میں ’’باتونی لیزر‘‘ بنانے کا دعوٰی کر دیا

Last Updated On 08 August,2019 03:41 pm

ورجینیا: (روزنامہ دنیا) امریکی دفاعی ادارے پنٹاگون نے کہا ہے کہ اس کی ڈائریکٹوریٹ برائے غیر مہلک ہتھیار ایسے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس کی بدولت لیزر میں پوشیدہ گفتگو ایک سے دوسرے مقام تک پہنچائی جا سکے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پنٹاگون حکام کا کہنا ہے کہ اگلے 5 برس میں یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو جائے گا، اس کیلئے ایک خاص ٹیکنالوجی پر کام جاری ہے جسے ’’لیزر انڈیوسڈ پلازما ایفیکٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ اس میں طاقتور لیزر شعاعوں کی فائرنگ سے پلازما کی گیند جیسی بنتی ہے اور اس کے بعد دوسری لیزر سے پلازما میں تھرتھراہٹ پیدا کی جاتی ہے جس سے آواز پیدا ہوتی ہے۔

اگر درست فریکوئنسی اور ٹھیک انداز سے لیزر ڈالی جائے تو اس طرح پلازما عین ہماری گفتگو کی طرح انسانی سمجھ میں آنے الفاظ بھی خارج کر سکتا ہے۔ آج یہ قصہ کہانی معلوم ہوتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ اگلے پانچ برس میں یہ ممکن ہو جائے گا اور اس ضمن میں ایک اہم ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔

ویڈیو میں پہلے لیزر پھینک کر پلازما گیند بنائی گئی اور دوسری لیزر بھیج کر اس سے ایک جملہ بنایا گیا ہے، اگرچہ یہ مشکل سے سنائی دیتا ہے لیکن دھیان سے سنا جائے تو اس میں’’سٹاپ آر وی وِل بی فورسڈ ٹو فائر اپون یو‘‘ کہا گیا ہے۔