ٹورنٹو: (روزنامہ دنیا) وقت سے پہلے دنیا میں آنکھ کھولنے والے بچوں کے پھیپھڑے یا تو کمزور ہوتے ہیں یا مکمل طور پر نمو پذیر نہیں ہوتے اسی بنا پر انہیں آکسیجن ماسک پہنایا جاتا ہے اور انکیوبیٹر میں رکھا جاتا ہے تاہم اب ایک لائف جیکٹ بنائی گئی ہے جو بچوں کوسانس لینے میں مددکرے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹورنٹو کے سینٹ مائیکل ہسپتال کے پروفیسر ڈوگ کیمبل نے نومولود کیلئے جان بچانے والی لائف جیکٹ بنائی ہے جسے نیو ویسٹ کا نام دیا گیا ہے۔ پہلے ننھے منے بچوں کو نالیاں اور نلکیاں لگائی جاتی تھیں جس کی وجہ سے ان کے نازک اعضا کے متاثر ہونے کا خدشہ ہر سو برقرار رہتا تھا، حتی کہ ناک کی ہڈی ٹیڑھی بھی ہو سکتی تھی اور بچہ ان سخت نالیوں کو نتھنوں کے اندر گھسانے کے سبب ہر وقت شدید اذیت سے دوچار رہتا تھا۔
ان تمام مسائل کا حل نکالتے ہوئے ایسی جیکٹ تیار کی گئی ہے جو بچے کے پیٹ پر فٹ آتی ہے اور مکمل طور پر ایئر ٹائٹ ہے، یہ بچے کے سینے کو اوپر اٹھاتی ہے تو ویکیوم پیدا ہوتا ہے جس سے پھیپھڑوں کو ہوا ملتی ہے اور بچہ سانس لینا شروع کر دیتا ہے، اس کا کامیاب تجربہ کیا جا چکا ہے اور بچوں کو سانس لینے میں بہت آسانی دیکھی گئی، ابھی اس کے مزید تجربار جاری ہیں۔