’’نابینا افراد چیزوں کی شناخت کر سکیں گے‘‘

Last Updated On 26 September,2019 03:49 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا کی مشہور کمپنی ایمازون نے ایک ایسر فیچر متعارف کرایا ہے جو اندھے لوگوں کو چیزوں کی شناخت میں مدد کرے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایمازون کی طرف سے متعارف کرائے گئے اس فیچر کا نام ’’شو اینڈ ٹیل‘‘ ہے، یہ فیچر گھر کی اشیا کی شناخت تک محدود ہے، خصوصی طور پر کھانے اور صفائی سے منسلک روزمرہ کی ضرورت کے آئٹمز۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق اندھا شخص کوئی بھی آئٹم ہاتھ میں اٹھا کر ایکو شو نامی سمارٹ سکرین سے سوال کر سکتا ہے کہ میں نے کیا اٹھایا ہوا ہے؟ یا میرے ہاتھ میں کیا ہے؟۔اس کے لیے سمارٹ سکرین پر لکھنے کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ صرف چیز کو ہاتھ میں اٹھا کر ایکو شو کے سامنے رکھ کر اونچی آواز میں پوچھنا ہو گا۔

ایکو شو میں لگے کیمرے ہاتھ میں اٹھائی چیز کی شناخت کر کے بتائیں گے جو نابینا شخص سکرین میں نصب سپیکرز کے ذریعے سن سکے گا۔ ایکو شو کے نام سے سمارٹ سکرین 2017 میں متعارف کروائی تھی جس کے ذریعے ایمازون کی فراہم کردہ سروسز تک باآسانی رسائی مل جاتی ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق اس کے علاوہ ایکو شو سکرین رکھنے والے صارفین آپس میں ویڈیو کالز کر سکنے کے علاوہ ویڈیو گیمز بھی کھیل سکتے ہیں۔ ایمازون نے سمارٹ سکرین میں شو اینڈ ٹیل نامی نیا فیچر ڈال کر نابینا افراد کے لیے سہولت پیدا کر دی ہے۔

مکینیکل انجینئر سٹیسی نے اپنے ایک بلاگ میں لکھا ہے کہ ایمازون کا نیا فیچر بہت زیادہ مدد گار ہے اور وقت ضائع ہونے سے بھی بچاتا ہے۔ ایکو شو میرے کاؤنٹر پر پڑا ہوتا ہے، مجھے کسی اور آلے یا شخص کو تلاش کرنے کے لیے نہیں جانا پڑتا جو چیز کی شناخت کرنے میں مجھے مدد دے گا۔

سٹیسی نوجوانی میں بینائی سے محروم ہو گئی تھیں اور وہ اب امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایمازون سے منسلک نابینا افراد کے سینٹر میں ٹیکنالاجی مینیجر ہیں۔

ایمازون کی ڈیپارٹمنٹل ہیڈ سارہ کیپلینر کا کہنا تھا کہ شو اینڈ ٹیل فیچر متعارف کرنے کا خیال ایمازون کے نابینا صارفین کی رائے سے آیا، جن کو روز مرہ کی ضرورت کی اشیا کی شناخت کرنے کے لیے دوسروں کا آسرا لینا پڑتا تھا۔

اس موقع پر ایک نابینا خاتون جس کا نام الیزا ہے نے ویڈیو میں دکھایا کہ یہ کیسے عمل کرے گا، فیچر کے سامنے الیزا نے ایک چیز اُٹھا کر اس سے پوچھا کہ میں نے کیا اٹھایا ہوا ہے؟ اور میرا ہاتھ میں کیا ہے؟ اسی وقت ایک آڈیو پیغام کے ذریعے جواب بھی ملا۔

دنیا کی بڑی ٹیکنالاجی کمپنیاں ایپل، گوگل، اور مائیکروسافٹ ایسی ایجادات کرتی رہتی ہیں جس سے معذور افراد کو معمولات زندگی آسانی سے انجام دینے میں مدد مل سکے۔