ہیوسٹن: (دنیا نیوز) امریکی شہر ہیوسٹن میں بھارتی وزیراعظم کے خلاف بڑا مظاہرہ ہوا، نریندر مودی کے پتلے کی جوتوں سے دھلائی کی گئی، پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سارا شہر "کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعروں سے گونج اٹھا۔
ہیوسٹن میں میلہ لوٹنے کا مودی کا خواب چکنا چور، کشمیریوں اور سکھوں نے مودی کے جلسے سے بڑا اجتماع منعقد کیا۔ بھارتی وزیراعظم کے جلسہ گاہ کے باہر ہزاروں کشمیری اور سکھ کمیونٹی کے افراد جمع ہوگئے اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی فورسز کے مظالم سے پردہ اٹھا دیا۔
اس موقع پر بھارتی فوج کے مظالم کی داستانوں پر مشتمل بینرز درجنوں ٹرکوں پر لگا کر شہر میں گھمایا گیا تاکہ امریکی عوام پر مودی کی اصلیت ظاہر ہوسکے۔
مظاہرے میں شریک سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں کا کہنا تھا کہ امریکی صدر اگر آئین کی پاسداری کرتے ہیں تو انہیں ایک مجرم کے ہمراہ سٹیج شیئر نہیں کرنا چاہیے۔ مودی مخالف مظاہرے میں پاکستانی، کشمیری اور سکھ کمیونٹی کےعلاوہ مقامی شہریوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔