لہسن اور پیاز چھاتی کے سرطان کو روکنے میں معاون

Last Updated On 26 September,2019 01:00 pm

نیویارک: (روزنامہ دنیا) لہسن اور پیاز کھانے میں عام استعمال ہوتے ہیں اور اچھی خبر یہ آئی ہے کہ ان دونوں جادوئی سبزیوں میں غیر معمولی کیمیکل پائے جاتے ہیں جن کا مسلسل استعمال خواتین کو چھاتی کے سرطان سے محفوظ رکھتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پورٹوریکو کی یونیورسٹی آف بفیلو میں پی ایچ ڈی طالبہ گوری ڈیسائی نے تحقیق کی اور خواتین کواس سے آگاہ کیا، یہی وجہ ہے پورٹو ریکو کی خواتین میں چھاتی کے سرطان کی شرح بہت کم ہے ۔

ایک جائزے کے بعد پتہ چلا کہ جو خواتین لہسن اور پیاز والی چٹنی کھانے کو معمول بنا لیتی ہیں ان میں بریسٹ کینسر کا خطرہ بہت کم پایا گیا۔ دیگر شماریاتی تجزیوں سے نتیجہ اخذ کیا گیا کہ لہسن اور پیاز کو باقاعدہ معمول بنانے سے چھاتی کے سرطان کا خطرہ 67 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔

سائنس بتاتی ہے کہ لہسن اور پیاز میں سرطان کو روکنے کی صلاحیت والے کیمیکل آرگینوسلفر اور فلیوونولز بکثرت پائے جاتے ہیں جو انسان میں ان بیماریوں کا مقابلہ کرنے کی طاقت پیدا کرتے ہیں جس سے سرطان میں مبتلا ہونے کے مواقع کافی حد تک کم ہو سکتے ہیں۔