برقی کار کی صرف 10 منٹ میں چارج ہو جانے والی بیٹری ایجاد

Last Updated On 01 November,2019 11:01 am

نیویارک: (روزنامہ دنیا) برقی گاڑیوں کی بڑی مصیبت یہ ہے کہ ان کی بیٹریاں چارج ہونے میں تو بہت وقت لیتی ہیں اور خالی بہت جلدی ہو جاتی ہیں لیکن اب ا یسی بیٹری ایجاد کرلی گئی ہے جو صرف 10منٹ میں چارج ہو جائے گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا کی پینسلوانیا سٹیٹ یونیورسٹی کے سائنسدان چاؤ یانگ وینگ نے اس بیٹری میں الیکٹروڈ کے طور پر مائیکرون موٹائی کی جست والی پٹیاں بناکر استعمال کیں جس سے صرف 30 سیکنڈز میں الیکٹروڈ بہت گرم ہونے لگتے ہیں اور لیتھیم آئن جمع نہیں ہوتے جس سے بیٹری تیز رفتاری سے چارج ہونے لگتی ہے۔

60 درجے سینٹی گریڈ پر بیٹری تیزی سے چارج ہوئی اور اس کا لائف ٹائم 2600 سائیکل (یعنی 2600 مرتبہ ) چارج اور ری چارج پورے کرسکتی تھی، اس طرح بیٹری 14 برس تک چلنے کا امکان ہے جس سے گاڑی 750000 کلومیٹر تک چلائی جا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق بیٹری کو چارج کرنے کے لیے مسلسل 60 درجے سینٹی گریڈ حرارت کی ضرورت پیش نہیں آئی بلکہ کچھ دیر کے وقفے سے بھی گرمی دی جائے تو بھی بیٹری تیزی سے چارج ہو سکتی ہے۔ مختلف تجربات کے بعد ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ 10 منٹ میں بیٹری چارج کرنا تو ممکن ہو گیا ہے لیکن مزید بہتری کے بعد بیٹری کا چارجنگ ٹائم پانچ منٹ تک لانے کا بھی جلد امکان ہے۔