کیلیورنیا: (ویب ڈیسک) انسٹا گرام نے سوشل ریسرچ پر مشتمل لائیکس چھپانے کا انوکھا تجربہ کیا ہے جو برازیل، آسٹریلیا، کینیڈا، اٹلی سمیت دنیا بھر کے ممالک میں صارفین کے اکاونٹس پر کیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق انسٹا گرام نے اس تجربے کے مقاصد اور فوائد تو واضح نہیں کئے تاہم انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا کہ وہ صارفین پر لائیکس کی دوڑ کا پریشر کم کرنا چاہتے ہیں تاکہ لوگ حقیقت کے مطابق کسی پوسٹ سے متعلق اپنی پسند یا نا پسند کا اظہار کر سکیں۔
انسٹاگرام کی جانب سے بعدازاں کی گئی مزید وضاحت کے مطابق لائیکس کے حوالے سے چونکہ نوجوان طبقہ خاصا حساس واقع ہوا ہے، اس تجربے کے بعد لوگ اپنی تصاویر سمیت دیگر پوسٹس بھیجنے میں کسی حد تک آزادی محسوس کریں گے، واضح رہے اس تجربے کے دوران انسٹا گرام انتظامیہ نے مالک کے علاوہ دیگر لوگوں سے لائیکس چھپا لی تھیں۔
یاد رہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے یہ اعتراف بھی کیا گیا ہے کہ لائیکس چھپانے سے بااثر افراد کے لائیکس بھی کم ہوئے ہیں تاہم اس کے متبادل طریقے پر کام کی تجاویز بھی زیرغور ہیں۔