آنکھوں کے چیک اپ سے دل کے امراض کا پتہ لگانا ممکن

Last Updated On 14 November,2019 03:22 pm

لندن: (روزنامہ دنیا) آنکھوں کو روح کی کھڑکی بھی کہا جاتا ہے لیکن اب ماہرینِ قلب متفق ہو چکے ہیں کہ آنکھیں اور بالخصوص ان کا ریٹینا دل کے امراض اور بلڈ پریشر کی کیفیات ظاہر کرسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس ضمن میں برطانیہ کے 55 ہزار بزرگ اور درمیانی عمر کے افراد کا جائزہ لیا گیا اور برطانوی بائیو بینک سے 35 لاکھ شریانوں کے ڈیٹابیس کو بھی پڑھا گیا ہے۔ مطالعے کے دوران یہ بھی دیکھا گیا کہ آنکھوں کی بدلتی کیفیت دل کے اتار چڑھاو کو بھی ظاہر کرتی ہے جو ماہرین کی مستقبل کی تحقیق کیلئے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔ اس تحقیق سے فشار خون اور آنکھوں کا باہمی تعلق بھی واضح ہو گیا ہے۔

یہ تحقیق لندن میں واقع سینٹ جارج یونیورسٹی کی ایلیشیا رُڈنیکا اور ان کے ساتھیوں نے کی ہے، اس طرح انسانی آنکھوں اور امراضِ قلب کے ضمن میں اسے دنیا کا ایک بڑا مطالعہ کہا جاسکتا ہے۔