واٹس ایپ کا مشکوک سرگرمیوں میں ملوث صارفین کو بلاک کرنے کا اعلان

Last Updated On 12 November,2019 06:32 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ فیس بک کی ملکیت واٹس ایپ کے دنیا بھر میں اربوں کی تعداد میں صارفین ہیں، اس کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، جس کے باعث کمپنی اپنی ایپ پر روز بروز اپ ڈیٹ کرتی رہتی ہے، اس دوران ایک اور خبر آئی ہے جس کے مطابق پیغام رسانی کی موبائل ایپلیکشن نے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد شروع کر دیا جسکے تحت غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے صارفین کے نمبرز بلاک کیے جا رہے ہیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین پر پابندی عائد کرنا شروع کردی ایسے صارفین جو مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ہیں یا اُن کے نام مشکوک ہیں انہیں انتظامیہ بلاک کر دے گی۔

خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق صارفین کی آئی ڈیز بلاک کرنے کا مقصد پلیٹ فارم کو بہتر بنانا ہے، اب تک نشاندہی کے بعد کئی صارفین کے اکاؤنٹس بند کیے جاچکے ہیں، چند صارفین نے اپنے اوپر عائد ہونے والی پابندی کے حوالے سے بھی سوشل میڈیا پر کہانی شیئر کی۔

دوسری جانب واٹس ایپ پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق کسی بھی گروپ کے غیر موزوں نام کی وجہ سے ایڈمن اور وہاں متحرک صارفین کی آئی ڈیز بلاک کردی جائیں گی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ نے گروپ کے مواد کو نہیں دیکھا بلکہ نام کی وجہ سے گروپ میں موجود تمام نمبروں پر پابندی عائد کردی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نئی پالیسی کے مطابق ایک مرتبہ اگر صارف کا نمبر بلاک ہو جاتا ہے تو وہ نمبر واٹس ایپ دوبارہ استعمال نہیں کیا جا سکے گا، اگر اس کے باوجود صارف دوبارہ اپنا اکاؤنٹ بنانا چاہے گا تو اس کے لیے اسے نیا فون نمبر لینا ہو گا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں واٹس ایپ صارفین کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرچکی ہے، آئے روز صارفین کی تعداد میں اضافہ بھی ہورہا جبکہ کمپنی نئے لوگوں کو اپنے پلیٹ فارم پر لانے کے لیے فیچرز بھی متعارف کراتی رہتی ہے۔