لاہور: (جینیفر کینیڈی) سمندروں اور دریاؤں سے ناواقف فرد کو مچھلیاں عموماً عجیب دکھائی دیتی ہیں۔ مچھلیاں چاہے کھلے سمندر میں تیر رہی ہوں، سامنے بڑھتی جا رہی ہوں، یا کسی مرتبان میں جست لگا رہی ہوں، ان کی رفتار کی پیمائش آسان نہیں۔ اس کے باوجود جنگلی و آبی حیات کے ماہرین کے پاس اتنی معلومات ہیں کہ مچھلیوں کی تیز ترین انواع کا تعین کر سکیں۔ ان انواع میں سے ہر ایک کاروباری اور نمائشی دونوں لحاظ سے قیمتی ہے۔
سیل فش (68 میل فی گھنٹہ)
بہت سے ذرائع سیل فش (Istiophorus platypterus) کو سمندر کی سب سے تیز رفتار مچھلی قرار دیتے ہیں۔ بلاشبہ یہ بہت تیزی سے آگے بڑھتی ہے اور شاید مختصر فاصلے کی تیز ترین پیراک ہے۔ رفتار کی آزمائشوں میں جست لگاتے ہوئے سیل فش کی رفتار 68 میل فی گھنٹہ ہوتی ہے۔
سیل فش 10 فٹ تک بڑی ہوتی ہے اور دبلی ہونے کے باوجود اس کا وزن 128 پاؤنڈ ہوتا ہے۔ ان کی نمایاں ترین خصوصیات میں بادبان سے مشابہہ ان کا عقبی مہیپر(ڈورسل فِن) اور لمبا، نیزے جیسا اوپری جبڑا شامل ہیں۔ سیل فش کی پشت نیلی اور خاکستری ہوتی ہے اور نچلا حصہ سفید ہوتا ہے۔
سیل فش بحراوقیانوس اور بحرالکاہل کے معتدل اور منطقہ حاری پانیوں میں پائی جاتی ہے۔ ان کی خوراک میں بونی فش اور سیفاپولوڈز جیسا کہ قیر ماہی، کٹل فش اور آکٹوپس شامل ہیں۔
سورڈ فش ( 60 تا 80 میل فی گھنٹہ)
سورڈ فش (Xiphias gladius) عام کھائی جانے والی سمندری مچھلی ہے۔ یہ بھی مچھلیوں کی تیز رفتار انواع سے تعلق رکھتی ہے البتہ اس کی رفتار کے بارے میں بہت زیادہ معلومات نہیں۔ ایک شمار کے مطابق یہ 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیر سکتی ہے جبکہ ایک تحقیق میں اس کی رفتار 80 میل فی گھنٹہ سے زائد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سورڈ فش کی لمبی تلوار جیسی ’’چونچ‘‘ ہوتی ہے جسے وہ شکار کرنے کے لیے استعمال کرتی ہے۔ اس کا اونچا مہیپر ہوتا ہے، بھوری اور سیاہ پشت ہوتی ہے اور نچلی جانب رنگ ہلکا ہوتا ہے۔
سورڈ فش بحراوقیانوس، بحرالکاہل اور بحرہند کے علاوہ بحیرہ روم میں پائی جاتی ہے۔ سبسٹیان جنگر کی کتاب پر مبنی فلم ’’دی پرفیکٹ سٹارم‘‘ امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر گلوسسٹر کی سورڈ فش پکڑنے والی کشتی کے بارے میں ہے جو 1991ء کے طوفان میں سمندر میں کھو جاتی ہے۔
مارلن (80 میل فی کلومیٹر)
مارلن مچھلی کی اقسام میں اوقیانوس کی نیلی مارلن اور سیاہ مارلن، بحرہند و بحرالکاہل کی نیلی مارلن، دھاری دار مارلن اور سفید مارلن شامل ہیں۔ انہیں ان کے لمبے اور نیزے کی طرح کے اوپری جبڑے اور اونچے مہیپر کی مدد سے آسانی سے پہچانا جا سکتا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کا دعویٰ ہے کہ کرہ ارض کی سب سے تیز رفتار مچھلی مارلن ہے۔ یہ دعویٰ مچھلی پکڑنے کے دھاگے کے کھلنے کی رفتار کے پیش نظر کیا گیا۔ کہا گیا کہ یہ 120 فٹ فی سیکنڈ کی رفتار سے کھلا جس کا مطلب ہے کہ مچھلی کے تیرنے کی رفتار 82 میل فی گھنٹہ تھی۔ ایک اور ذریعے کے مطابق مارلن کی رفتار 50 میل فی گھنٹہ ہے۔
واہو (48 میل فی گھنٹہ)
واہو (Acanthocybium solandri) منطقہ حاری اور نیم منطقہ حاری پانیوں میں رہتی ہے۔ ان کی پتلی اور خوبصورت نیلی و سبز پشت ہوتی ہے جبکہ اطراف اور پیٹ کا رنگ ہلکا ہوتا ہے۔ ان کی لمبائی آٹھ فٹ تک ہو سکتی ہے لیکن عموماً یہ پانچ فٹ تک بڑھتی ہیں۔ واہو کی رفتار کا جائزہ لینے والے سائنس دانوں کے مطابق جست کے دوران اس کی رفتار 48 میل فی گھنٹہ تک پہنچ جاتی ہے۔
ٹونا (46 میل فی گھنٹہ)
اگرچہ ییلو فِن اور بلیو فِن ٹونا سمندروں میں کم رفتار سے تیرتی نظر آتی ہیں لیکن تیر ہونے پر 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بڑھتی ہیں۔ ایک تحقیق میں اس سے زائد رفتار کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس میں ییلو فِن ٹونا کی جست کے دوران رفتار 46 میل گھنٹہ سے قدرے زیادہ بتائی گئی ہے۔ ایک اور مقام پر بحراوقیانوس کی بلیو فِن ٹونا کی رفتار 43.3 میل گھنٹہ بتائی گئی ہے۔
بلیو فِن ٹونا کی لمبائی 10 فٹ سے زائد ہو سکتی ہے۔ بحراوقیانوس کی بلیو فِن مغربی بحراوقیانوس میں نیو فاؤنڈ لینڈ اور کینیڈا سے خلیج میکسیکو تک اور مشرقی بحراوقیانوس میں آئس لینڈ سے کینیری آئی لینڈز تک اور پورے بحیرہ روم میں پائی جاتی ہے۔ بلیو فِن پورے جنوبی کرہ میں 30 سے 50 درجہ عرض بلد میں دکھائی دیتی ہیں۔
ییلو فِن ٹونا دنیا بھر کے منطقہ حاری اور نیم منطقہ حاری سمندروں میں پائی جاتی ہے۔ اس کی لمبائی سات فٹ تک ہو سکتی ہے۔ الباکور ٹونا 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے تیرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ یہ بحراوقیانوس اور بحرالکاہل میں پائی جاتی ہے۔ انہیں ڈبہ بند ٹونا کی صورت میں عام بیچا جاتا ہے۔ ان کی زیادہ سے زیادہ لمبائی چار فٹ اور وزن 88 پاؤنڈ ہوتا ہے۔
بونیٹو (40 میل فی گھنٹہ)
ساردا گروہ کی مچھلیوں کا ایک معروف نام بونیٹو ہے، اس میں میکیرل خاندان کی اقسام پائی جاتی ہیں، جن میں اوقیانوسی بونیٹو، دھاری دار بونیٹو اور بحرالکاہل کی بونیٹو شامل ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ جست کے دوران ان کی رفتار 40 میل فی گھنٹہ تک بڑھ جاتی ہے۔ بونیٹو پانی کے بہاؤ کے ساتھ تیرنے والی مچھلی ہے اور 30 سے 40 انچ تک بڑھ سکتی ہے۔
(ترجمہ و تلخیص: رضوان عطا)